0
Tuesday 28 Sep 2021 18:13

کراچی میں اربعین حسینیؑ کا مرکزی جلوس رواں دواں، لاکھوں عزاداروں کی شرکت

کراچی میں اربعین حسینیؑ کا مرکزی جلوس رواں دواں، لاکھوں عزاداروں کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں اربعین حسینیؑ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، جلوس عزاء حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں چہلم شہدائے کربلا کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں منعقد ہوئی، مجلس عزاء سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ بعد مجلس عزاء مرکزی جلوس عزاء برآمد ہوا۔ مرکزی جلوس عزاء میں علم، تابوت، تعزیئے، شبیہ ذوالجناح بھی برآمد کئے گئے ہیں، جلوس عزاء میں لاکھوں عزاداران امام مظلومؑ شریک ہیں۔ مرکزی جلوس امام بارگاہ علی رضا ایم اے جناح روڈ پہنچا، جہاں عزاداران امام مظلومؑ نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام باجماعت نماز ظہرین ادا کی۔ بعد ازاں نوحوں اور مرثیوں کی صداؤں میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے، جلوس عزاء امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں عزاداران امام حسینؑ دس دس، پندرہ پندرہ کلومیٹر پیدل سفر کرکے نشترپارک سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس میں شامل ہوئے۔

جلوس کی گزرگاہ پر عزاداروں کیلئے پانی، دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائی گئی ہیں، جبکہ بڑے پیمانے پر نذر و نیاز کی تقسیم بھی کی جا رہی ہے۔ جلوس عزاء کی گزرگاہ کی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے سرچنگ بھی کی۔ جلوس کی سکیورٹی پر رینجرز اور پولیس کے 5 ہزار سے زائد افسران و جوان تعینات ہیں، جن میں خواتین اہلکار، ایس ایس یو کے کمانڈو، آر آر ایف کے جوان بھی شامل ہیں۔ جلوس کی گزرگاہوں پر موجود بلند عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کے ذریعے جلوس کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والی ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑا گیا ہے۔ یوم عاشور پر کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد اور جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔
خبر کا کوڈ : 956184
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش