0
Tuesday 28 Sep 2021 23:33

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیلولر سپیکٹرم کی نیلامی، زونگ بازی لے گیا

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیلولر سپیکٹرم کی نیلامی، زونگ بازی لے گیا
اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر (اے جے اینڈ کے) اور گلگت بلتستان (جی بی) میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (این جی ایم ایس) کے لیے سیلولر سپیکٹرم کی نیلامی آج پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ 1800 میگا ہرٹز بینڈ کے لئے الیکٹرانک نیلامی میں سی ایم پاک (زونگ) اور پی ایم سی ایل (جاز) سمیت دو آپریٹروں نے حصہ لیا۔ الیکٹرانک نیلامی 18 راؤنڈ تک جا پہنچی اور 1800 میگا ہرٹز بینڈ میں 10 میگا ہرٹز (5 میگا ہرٹز کے 2 بلاکس) کے لئے زونگ کی طرف سے 14.398 ملین امریکی ڈالر کی کامیاب بولی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ 1800 میگاہرٹز بینڈ میں فروخت ہونے والا سپیکٹرم اے جے اینڈ کے اور جی بی کے لیے مذکورہ بینڈ میں پیش کردہ کل سپیکٹرم کا 85 فیصد ہے۔ مزید یہ کہ ٹیلی نار، یوفون اور زونگ نے 1800 میگا ہرٹز بینڈ میں 1.2 میگا ہرٹز بھی حاصل کیا۔ 2100 میگا ہرٹز بینڈ میں 15 میگا ہرٹز کے سپیکٹرم کے لیے مقررہ بیس پرائس پر ٹیلی نار پاکستان کو کامیاب قرار دیا گیا۔

2100 میگاہرٹز بینڈ میں فروخت ہونے والا سپیکٹرم مذکورہ بینڈ میں کل پیش کردہ سپیکٹرم کا 50 فیصد ہے۔ اے جے کے اور جی بی کے لیے اس سپیکٹرم کی نیلامی سے حاصل ہونے والی کل آمدنی 30 ملین امریکی ڈالر سے زائد ہے۔ پی ٹی اے نے نیلامی کا عمل بین الاقوامی شہرت یافتہ کنسلٹنٹ جے وی ٹیلکونیٹ/ فرنٹیئر اکنامکس کی مدد سے مکمل کیا، جو اپریل 2021 سے اس عمل میں شامل ہے اور اس نے موبائل فون کے شعبے و دیگر شراکت داروں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی۔ حکومت پاکستان نے اکتوبر 2020 میں وزیر خزانہ کی زیر صدارت آکشن ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی۔ 11 اگست 2021 کو پالیسی ہدایت جاری کی گئیں، جس کے تحت پی ٹی اے نے صارفین کے مفادات کے پیش نظر سپیکٹرم نیلامی کے عمل کو منصفانہ اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ سپیکٹرم کے اس اضافے سے موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) کو سیاحت کے حوالے سے اہم ان دونوں علاقوں میں بہتر ڈیٹا اور وائس سروسز کی فراہمی میں مدد ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 956228
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش