QR CodeQR Code

کراچی میں چہلم امام حسین (ع) کا جلوس اختتام پذیر، شرکت کے گذشتہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

28 Sep 2021 23:38

جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر امام بارگاہ علی رضا (ع) پہنچا، جہاں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیراہتمام باجماعت نماز ظہرین کا اہتمام کیا گیا، نماز مولانا سید احمد اقبال رضوی کی زیر اقتداء ادا کی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسينيہ ايرانياں کھارادر پر اختتام پذير ہوگیا، جلوس میں عزاداروں کی شرکت کے گذشتہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا چہلم شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسينيہ ايرانياں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، مرکزی جلوس عزاء میں علم، تابوت، تعزیئے، شبیہ ذوالجناح بھی برآمد کئے گئے، مرکزی جلوس میں خواتین، بچوں، بوڑھوں سمیت لاکھوں کی تعداد میں عزاداران امام مظلومؑ شریک تھے۔ واضح رہے کہ اس سال جلوس میں عزاداروں نے شرکت کے گذشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔

قبل ازیں جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر امام بارگاہ علی رضا (ع) پہنچا، جہاں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیراہتمام باجماعت نماز ظہرین کا اہتمام کیا گیا، نماز مولانا سید احمد اقبال رضوی کی زیر اقتداء ادا کی گئی۔ نماز ظہرین کے بعد عزادارانِ سید الشہداءؑ نے شیطان بزرگ امریکا، اسرائیل اور انکے حواریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکی و اسرائیلی پرچم نذرِ آتش کئے۔ بعد ازاں نوحوں اور مرثیوں کی صداؤں میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی گزرگاہ پر عزاداروں کیلئے پانی، دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائی گئیں، جبکہ نذر و نیاز کی تقسیم بھی کی گئی۔ اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 956229

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/956229/کراچی-میں-چہلم-امام-حسین-ع-کا-جلوس-اختتام-پذیر-شرکت-کے-گذشتہ-تمام-ریکارڈ-ٹوٹ-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org