0
Tuesday 28 Sep 2021 23:56

کربلا کے پیروکار حق و باطل کی فیصلہ کن جنگ کی تیاری کر رہے ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

کربلا کے پیروکار حق و باطل کی فیصلہ کن جنگ کی تیاری کر رہے ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کربلا انسان کو ظلم و جبر کے مقابلے میں قیام کے ساتھ ساتھ بے خوف بناتی ہے، جو زبانیں موت کے خوف سے حق بات کہنے سے خائف تھیں انہیں کربلا والوں نے جرات اظہار عطا کیا۔ چہلم شہدائے کربلا کی مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کربلا کسی ایک زمانے سے مخصوص نہیں بلکہ ہر دور کے انسان کی ضرورت ہے، کربلا اہل حق کی دائمی درسگاہ ہے اور امام حسین علیہ السلام حق پرستوں کے امام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کربلا سے شجاعت، ایثار، عشق خدا اور حق گوئی کا درس ملتا ہے، اربعین شہداء کربلا کے موقع پر عراق سمیت دنیا بھر میں کروڑوں عاشقان اہل بیت علیہم السلام نے سخاوت ایثار اور مہمان نوازی جیسی اعلی انسانی اقدار کو زندہ کیا ہے، عصر حاضر میں کربلا ایک عالمگیر انقلابی تحریک میں بدل چکی ہے، کربلا نظام ظلم و استکبار کے لئے موت کا پیغام بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالم بشریت کا مستقبل انتہائی تابناک ہے کیونکہ کربلا کے پیروکار حق و باطل کی فیصلہ کن جنگ کی تیاری کر رہے ہیں جو منجی عالم بشریت وارث کربلا حضرت امام مہدی علیہ السلام کی قیادت میں ہوگی، بے شک خدا کا وعدہ سچا ہے اور روئے زمین پر صالحین کی حاکمیت کا دور قریب آچکا ہے۔ انہوں نے ملک کے مختلف حصوں میں عزاداروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدمات غیر آئینی ہیں جو ملت جعفریہ کے بنیادی حقوق سے متصادم اور اہل تشیع کی مذہبی آزادیوں کو سلب کرنے کے مترادف ہیں، اس ظلم کے خلاف مجلس وحدت مسلمین ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 956238
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش