QR CodeQR Code

سندھ میں سب سے بڑے کرپشن اور بیڈ گورننس کے مسائل ہیں، ایاز لطیف پلیجو

29 Sep 2021 00:27

ٹیکساس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ کیو اے ٹی نے کہا کہ تاحال سندھ میں افغانیوں کی غیر قانونی آمد کا سلسلہ جاری ہے، سندھ کے باشندے پاکستان کے مخالف نہیں ہیں، آئین کے مطابق اپنے حقوق چاہتے ہیں، بدقسمتی سے عام آدمی کی آواز کو طاقت کے زور پر دبایا جارہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ سندھ میں سب سے بڑے کرپشن اور بیڈ گورننس کے مسائل ہیں، کسی بھی منصوبے کے بجٹ کا 80 فیصد تک ہڑپ کرلیا جاتا ہے، صرف 20 فیصد بجٹ میں ناقص کام کرائے جاتے ہیں جس کے باعث سندھ تباہ وبرباد ہے اور اس کی بربادی میں 65 فیصد کردار سندھی حکمرانوں کا ہے، بلاول اور زرداری کے لئے سندھ ایک کاروبار ہے، میں نے اس مسئلے پر میاں نواز شریف اور عمران خان سمیت دیگر حکمرانوں کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا تھا لیکن اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ وہ ٹیکساس امریکا میں امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ سے ملاقات اور شاہ لطیف انسٹیٹیوٹ میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ مڈل اور اپر کلاس کی سب باتیں کرتے ہیں لیکن لوئر کلاس کی کوئی بات نہیں کرتا، نچلا طبقہ بڑے مسائل کا شکار ہے جس کی وجہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہے سندھ میں پانی کی کمی جو پانی سندھ پہنچ رہاہے اس پر بھی وڈیروں کا قبضہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے آباد اور ہاری پانی سے محروم ہیں، لینڈ مافیا سندھ کی زمین پر قابض ہے، پانچ گوٹھ خرید کر پچاس گوٹھوں پر قبضہ کرلیا جاتا ہے، تاحال سندھ میں افغانیوں کی غیر قانونی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے باشندے پاکستان کے مخالف نہیں ہیں، آئین کے مطابق اپنے حقوق چاہتے ہیں، بدقسمتی سے عام آدمی کی آواز کو طاقت کے زور پر دبایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1970ء سے پیپلز پارٹی سندھ میں چھ حکومتیں کرچکی ہے لیکن سندھ کے لئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے باعث سندھ کا انفرا اسٹرکچر تباہ و برباد ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے صوفی بزرگوں نے امن پیار اور محبت کا درس دیا ہم ان کے پیروکار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 956243

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/956243/سندھ-میں-سب-سے-بڑے-کرپشن-اور-بیڈ-گورننس-کے-مسائل-ہیں-ایاز-لطیف-پلیجو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org