QR CodeQR Code

صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کی کراچی میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

29 Sep 2021 02:27

گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران سربراہ جے یو پی نے کہا کہ تحریک لبیک کے بارے میں جو طرز عمل اختیار کیا جارہا ہے اس سے عوام میں مایوسی اور بددلی پھیل رہی ہے بلکہ حکومت کی طرف سے نفرت کے جذبات پیدا ہورہے ہیں، اس مسئلہ کے حل کی طرف توجہ دی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے علماء کے ایک وفد کے ساتھ گورنر ہاؤس کراچی میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ صاحبزادہ محمد زبیر نے کہا کہ ہم 2002ء کی اسمبلی میں پانچ سال ایک ساتھ رہے، اس وقت آپ سے جو تعلقات قائم ہوئے اس کی بناء پر 2018ء کے انتخابات میں ہماری کوشش تھی کہ جے یو پی جس کے قائد علامہ شاہ احمد نورانی اور مولانا عبدالستار خان نیازی سے بھی آپ کی بڑی محبت تھی ان کی جماعت آپ کے ساتھ مل کر الیکشن لڑے۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل جس میں تمام مسالک کی جماعتیں ملک میں فرقہ وارنہ ہم آہنگی کو قائم رکھنے کیلئے ایک اتحاد میں جمع ہیں اس میں سے بھی بعض جماعتیں اس الیکشن میں آپ کا ساتھ دینا چاہتی تھیں لیکن میرے خیال میں شاید آپ کے بعض ساتھیوں کو یہ گوارانہ ہوا کہ باہر کی دنیا میں کہیں آپ کا امیج خراب نہ ہوجائے کہ اتنے سارے مولوی آپ کو سپورٹ کررہے ہیں، اس لئے ہماری یہ کوشش کامیاب نہیں ہو سکی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرا امیج تو باہر کی دنیا کو اچھی طرح پتہ ہے جس پر صاحبزادہ زبیر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ اپنی ہر تقریر کا آغاز ایاک نعبدو ایاک نستعین سے کرتے ہیں اور وزیر اعظم بنتے ہی آپ نے ریاست مدینہ کا نظام لانے کا اعلان کیا لیکن افسوس آپ کے بعض ساتھی آپ کے ویژن کو خراب کررہے ہیں، اوقاف ایکٹ اور گھریلو تشدد بل کے نام سے جو قانون پاس ہوگیا ہے، اس پر تمام مسالک کے علماء کو سخت اعتراضات ہیں کہ اس میں بہت سی چیزیں سراسر اسلام کے خلاف ہیں۔ وزیراعظم نے اس پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے وزیر تعلیم شفقت محمود سے اس بارے میں دریافت کیا جس پر انہوں نے کہا کہ اس کی کچھ شقوں پر علماء کو اعتراضات ہیں وہ ہم ان سے بیٹھ کر حل کر لیں گے۔

تحریک لبیک پاکستان کے بارے میں صاحبزادہ زبیر نے وزیر اعظم عمران خان سے کہا کہ ان کے بارے میں جو طرز عمل اختیار کیا جارہا ہے اس سے عوام میں مایوسی اور بددلی پھیل رہی ہے بلکہ حکومت کی طرف سے نفرت کے جذبات پیدا ہورہے ہیں، اس مسئلہ کے حل کی طرف توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کی طرف سے پر تشدد کاروائیاں ہوئیں جس میں سینکڑوں پولیس اہلکار شہید اور زخمی ہوئے ہیں اور بہت سی املاک کو نقصان پہنچا ہے، اس کے باعث پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ اگر آپ نے ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا تو ہم بغاوت کردیں گے۔ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ آپ علمائے اہلسنت کے اکابرین کو ملاقات کا وقت دیں اس قسم کے مسائل کا حل بھی نکالا جا سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 956251

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/956251/صاحبزادہ-ابوالخیر-زبیر-کی-کراچی-میں-وزیراعظم-عمران-خان-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org