QR CodeQR Code

اربعین حسینی کے دوران محبان اہلبیت پر ایف آئی آرز کا اندراج قابل مذمت ہے، علامہ مرید نقوی

1 Oct 2021 12:48

وفاق المدارس الشیعہ کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ چہلم کے مرکزی جلوسوں میں شرکت کیلئے ٹولیوں کی شکل میں جانا خلاف قانون نہیں ہے اور نہ ہی ہماری سماجی زندگی کے چلن کے منافی۔ عید میلادالنبی، درباروں کے عرس، جشن بہاراں اور دیگر سماجی تقریبات میں بھی لوگ ٹولیوں کی شکل میں شریک ہوتے ہیں۔ چہلم کے جلوس میں شرکت کیلئے عورتوں، بچوں، بزرگوں کا اجتماعی طور پر جانا خاندان رسالت سے عشق کا ثبوت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے مختلف علاقوں میں اربعین حسینی کے دوران ٹولیوں کی شکل میں چہلم کے مرکزی جلوسوں میں آنیوالے محبان اہلبیت پر ایف آئی آرز کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر اسلامی ممالک میں بھی شہدائے کربلا کی عزاداری پر کوئی پابندی نہیں، بعض انتظامی اہلکاروں کے غیر منصفانہ رویے حکومت کی بدنامی اور عوام کو ان سے دور کرنے کا موجب بن رہے ہیں، حکومت اور ریاستی ادارے عوام کو ہراساں کرنے والے طرز عمل پر نظر ثانی کریں۔ لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کا چہلم منانے کی تاریخ صدیوں پرانی ہے جو ہر دور کے تقاضوں کے مطابق مروج رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چہلم کے مرکزی جلوسوں میں شرکت کیلئے ٹولیوں کی شکل میں جانا خلاف قانون نہیں ہے اور نہ ہی ہماری سماجی زندگی کے چلن کے منافی۔ عید میلادالنبی، درباروں کے عرس، جشن بہاراں اور دیگر سماجی تقریبات میں بھی لوگ ٹولیوں کی شکل میں شریک ہوتے ہیں۔ چہلم کے جلوس میں شرکت کیلئے عورتوں، بچوں، بزرگوں کا اجتماعی طور پر جانا خاندان رسالت سے عشق کا ثبوت ہے۔ علامہ مرید نقوی نے مسرت کا اظہار کیا کہ چھوٹے بڑے شہروں کے جلوسوں میں عورتوں ، چھوٹی بچیوں کی باپردہ شمولیت حیا و عفت کی اسلامی ثقافت کا عملی اظہار اور بے پردگی و بے حیائی پر کاری ضرب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں 30 کلومیٹر اجتماعی اربعین واک بغیر سیکورٹی چل کر مرکزی جلوس میں شامل ہونا، شرکاء کا پرامن رہنا، کسی قسم کا مسئلہ پیدا نہ کرنا ان کے محب وطن اور امن پسند ہونے کا ثبوت تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری و ریاستی ادارے بے بنیاد خدشات کی بنیاد پر اپنے ہی مہذب شہریوں کے خلاف اقدامات کی بجائے، ان کی امن پسندی کے عملی مظاہر ے کو سراہیں۔


خبر کا کوڈ: 956567

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/956567/اربعین-حسینی-کے-دوران-محبان-اہلبیت-پر-ایف-آئی-آرز-کا-اندراج-قابل-مذمت-ہے-علامہ-مرید-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org