0
Saturday 2 Oct 2021 21:28

سرینگر کی دیواریں اور سڑکیں فن مصوری کے خوبصورت نمونوں سے مزین

سرینگر کی دیواریں اور سڑکیں فن مصوری کے خوبصورت نمونوں سے مزین
اسلام ٹائمز۔ اسمارٹ سٹی مشن کے تحت شہر سرینگر کو جاذب نظر بنانے کے لئے دیواروں اور سڑکوں پر پینٹنگ کی جا رہی ہے، جن میں کشمیر کی شاندار ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ شہر کو دیدہ زیب بنانے کا یہ کام اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ اور کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ آرکیٹیکچر کے طلباء کر رہے ہیں اور ان کو سرینگر میونسپل کارپوریشن کا بھی اشتراک حاصل ہے۔ ایک طالب علم نے بتایا کہ اسمارٹ سٹی مشن کے تحت ہم دیواروں اور سڑکوں پر پینٹنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کی ثقافت سے وابستہ چیزوں جیسے شکارا، بانڈھ پاتھر، کشمیری ڈراموں کے منظر، سماوار، پیپر ماشی وغیرہ کی مصوری کرتے ہیں تاکہ نئی نسل اپنی شاندار ثقافت سے روشناس ہو سکے۔

موصوف طالب علم نے کہا کہ ان تصویروں کو دیکھ کر ہمیں اپنی ثقافت یاد رہے گی اور شہر کی خوبصورتی میں بھی چار چاند لگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ثقافت کو زندہ رکھنے اور مزید فروغ دینے کا یہ ایک موثر طریقہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم شہر کے اہم اور خاص مقامات پر یہ مصوری کی جائے گی۔ ایک دیگر طالب علم نے کہا کہ دیواروں پر کی جا رہی اس مصوری میں جس میں ہم اپنی ثقافت کو اجاگر کر رہے ہیں، سے یہاں آنے والے بیرون کشمیر کے لوگوں بشمول سیاحوں کو بھی اپنی ثقافت سے واقف کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ہمارے شہر کے اہم مقامات بھی سیاحتی مقامات کی حیثیت کے حامل بن جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 956888
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش