QR CodeQR Code

عمر شریف کی خواہش کے مطابق تدفین عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کی جائے گی، سعید غنی

2 Oct 2021 23:22

عمر شریف کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ جرمنی سے اداکار عمر شریف کی میت پیر کو روانہ کی جائے گی۔ اتوار کی تعطیل کے باعث ضروری کارروائی پیر کو مکمل کی جائے گی جبکہ امکان ہے کہ جرمنی سے میت منگل کو کراچی پہنچے گی۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان کے معروف کامیڈین عمر شریف کی خواہش پوری کرتے ہوئے ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کی جائے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے معروف کامیڈین عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر نے کہا ہے کہ والد کی خواہش تھی کہ ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی جائے، سب سے اپیل ہے کہ ان کی مغفرت کے لئے دعا کریں، تدفین سے متعلق انتظامات ہو رہے ہیں، جیسے ہی کوئی فیصلہ ہوگا، نماز جنازہ کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ والد کی خواہش تھی کہ تدفین عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی جائے، ہم نے سندھ حکومت سے درخواست کی ہے۔

دوسری طرف صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ معروف کامیڈین کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کی جائے گی، جس کے انتظامات کر رہے ہیں۔ دوسری طرف عمر شریف کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ جرمنی سے اداکار عمر شریف کی میت پیر کو روانہ کی جائے گی۔ اتوار کی تعطیل کے باعث ضروری کارروائی پیر کو مکمل کی جائے گی جبکہ امکان ہے کہ جرمنی سے میت منگل کو کراچی پہنچے گی۔


خبر کا کوڈ: 956909

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/956909/عمر-شریف-کی-خواہش-کے-مطابق-تدفین-عبداللہ-شاہ-غازی-قبرستان-میں-جائے-گی-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org