QR CodeQR Code

کوئٹہ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا او پی ڈیز کا بائیکاٹ، مریض پریشان

3 Oct 2021 15:32

بائیکاٹ کے باعث سول سنڈیمن اور بی ایم سی ہسپتال میں او پی ڈیز کے دروازوں پر تالے لگا دیئے گئے۔ ینگ ڈاکٹرز کے بائیکاٹ کے باعث ہسپتال میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) کی جانب سے او پی ڈیز کے بائیکاٹ کی وجہ سے کوئٹہ میں آج دوسرے روز بھی سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز بند ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے ہسپتالوں میں او پی ڈیز کے بائیکاٹ کا سلسلہ گزشتہ روز شروع کیا گیا تھا، جو آج بھی جاری رہا۔ بائیکاٹ کے باعث سول سنڈیمن اور بی ایم سی ہسپتال میں او پی ڈیز کے دروازوں پر تالے لگا دیئے گئے۔ ینگ ڈاکٹرز کے بائیکاٹ کے باعث ہسپتال میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
 
ترجمان وائی ڈی اے کا موقف ہے کہ او پی ڈیز کا بائیکاٹ ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی پر کیا گیا ہے۔ ایم ایس ڈی کی جانب سے ہسپتالوں کو تاحال ادویات فراہم نہیں کئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹراما سینٹر میں وینٹی لیٹرز غیر فعال اور دو آپریشن تھیٹرز بند پڑے ہیں۔ اس کے علاوہ سول ہسپتال میں کورونا ویکسی نیشن کے لئے پرائیویٹ افراد کو تعینات کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ مسائل کی وجہ سے بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 957015

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/957015/کوئٹہ-ینگ-ڈاکٹرز-ایسوسی-ایشن-کا-او-پی-ڈیز-بائیکاٹ-مریض-پریشان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org