QR CodeQR Code

ذوالفقار مرزا پرسکون رہیں، ان سے ملنے ضرور آؤں گا، کراچی میں جلد خاموش آپریشن شروع کیا جائے گا، رحمان ملک

31 Aug 2011 17:35

اسلام ٹائمز:پولیس لائن کراچی میں عید کی نماز ادا کرنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار مرزا آج بھی میرے بھائی اور دوست ہیں، ان کی آنکھ میں آنسو دیکھ کر تکلیف ہوئی۔ رحمان ملک نے دعویٰ کیا کہ ان کی زندگی کھلی کتاب ہے۔


کراچی:اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے ذوالفقار مرزا کو پیغام دیا ہے کہ عید پر پرسکون رہیں، نواز شریف سے ملنے گیا تھا آپ سے ملنے بھی آؤں گا۔ انہوں نے ڈاکٹر مرزا کو عید مبارک بھی کہا۔ پولیس لائن کراچی میں عید کی نماز ادا کرنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار مرزا آج بھی میرے بھائی اور دوست ہیں، ان کی آنکھ میں آنسو دیکھ کر تکلیف ہوئی۔ رحمان ملک نے دعویٰ کیا کہ ان کی زندگی کھلی کتاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت میں آنا چاہے تو خوشی ہو گی، قوم سے وعدہ ہے کہ امن وامان قائم کیا جائے گا۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں جلد خاموش آپریشن شروع کیا جائے گا، اسلحہ کی اطلاع پر سیاسی جماعتوں کے دفاتر پر بھی چھاپے مارے جائیں گے۔ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کی کارروائی سے دہشت گرد خوفزدہ ہیں اور وہ جان بچانے کیلئے اپنا اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے ہیں، ایسی ہی ایک کوشش کرتے ہوئے ابولحسن اصفہانی روڈ پر دھماکہ ہوا تھا۔ انھوں نے کہا کراچی میں جلد خاموش آپریشن شروع ہو جائے گا۔ رحمان ملک نے سابق صوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار کو اپنا قریبی ساتھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مضبوط اور سچے انسان ہیں، لیکن انھیں اپنے غصے پر کنٹرول نہیں۔ انھوں نے کہا کہ انہیں حیدر آباد پریس کلب میں ذوالفقار مرزا کے رونے کا افسوس ہے۔ حالات بہتر ہوتے ہی ذوالفقار مرزا سے ملنے جاؤں گا۔


خبر کا کوڈ: 95733

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/95733/ذوالفقار-مرزا-پرسکون-رہیں-ان-سے-ملنے-ضرور-آؤں-گا-کراچی-میں-جلد-خاموش-آپریشن-شروع-کیا-جائے-رحمان-ملک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org