QR CodeQR Code

ہائیکورٹ، کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ کو رہا نہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کی طلبی

6 Oct 2021 16:01

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے حافظ سعد رضوی کی نظربندی کالعدم قرار دی۔ نظربندی کالعدم قرار دینے کے باوجود حافظ سعد رضوی کو رہا نہیں کیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حافظ سعد رضوی کو بازیاب کروا کر رہا کرنے کا حکم دے۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد رضوی کی نظربندی کو کالعدم قرار دینے کا معاملہ مزید سنگین ہو گیا ہے۔ عدالتی حکم کے باوجود حافظ سعد رضوی کو رہا نہ کرنے پر لاہور ہائیکورٹ میں حبس بے جا کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 اکتوبر کو رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے سعد رضوی کے چچا امیر حسین کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے حافظ سعد رضوی کی نظربندی کالعدم قرار دی۔ نظربندی کالعدم قرار دینے کے باوجود حافظ سعد رضوی کو رہا نہیں کیا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حافظ سعد رضوی کو بازیاب کروا کر رہا کرنے کا حکم دے۔ جسٹس طارق سلیم نے پنجاب حکومت کے لاء افسر سے استفسار کیا کہ حافظ سعد رضوی کی نظر بندی کو کالعدم قرار دینے کے حکم کو کہیں چیلنج کیا گیا؟۔ لاء افسر نے جواب دیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حافظ سعد رضوی کی نظربندی کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کو کسی عدالت میں ابھی تک چیلنج نہیں کیا گیا۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے لاء افسر سے سوال کیا کہ اگر عدالتی حکم کو چیلنج نہیں کیا تو ابھی تک حافظ سعد رضوی کو رہا کیوں نہیں کیا گیا؟ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔


خبر کا کوڈ: 957450

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/957450/ہائیکورٹ-کالعدم-تحریک-لبیک-کے-سربراہ-کو-رہا-نہ-کرنے-پر-جیل-سپرنٹنڈنٹ-کی-طلبی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org