0
Wednesday 6 Oct 2021 17:20

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ڈی جی آئی ایس آئی تعینات

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ڈی جی آئی ایس آئی تعینات
اسلام ٹائمز۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس آئی جبکہ فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کر دیا گیا ہے۔ بدھ کے روز پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے عمل میں لائے گئے۔ آئی ایس آئی کی کمان فیض حمید سے جنرل ندیم انجم کو سونپ دی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا نیا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) تعینات کر دیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کو کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی تعینات کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل عاصم ملک کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر پاک فوج کا ایجوٹینٹ جنرل تعینات کیا گیا ہے۔ قبل ازیں آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تبدیلی کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ اور لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کیا گیا ہے۔

آئی ایس آئی کے نئے سربراہ لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم اس سے پہلے کور کمانڈر کراچی تعینات تھے۔ فیض حمید کو 16 جون 2019ء کو عاصم منیر کی جگہ ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا۔ فیض حمید ترقی کے وقت آئی ایس آئی میں ڈی جی کاؤنٹر انٹیلی جنس کے طور پر کام کر رہے تھے۔ آرمی کی بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو اس وقت ڈی جی آئی ایس آی مقرر کیا گیا تھا، جب ملک کے لیے اندرونی اور بیرونی سطح پر سکیورٹی چیلنجز میں اضافہ ہوگیا تھا۔ کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر اس وقت ایڈجسٹنٹ جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، وہ جنرل آفیسر کمانڈنگ لاہور کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نئے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نومبر 2020ء میں کور کمانڈر کراچی کے عہدے پر تعینات ہوئے جبکہ ستمبر 2019ء میں انہیں میجر جنرل سے لیفٹینیٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔ کراچی کور کی کمان سے قبل وہ آئی جی ایف سی بلوچستان تعینات تھے۔ جنرل ندیم احمد انجم کمانڈنٹ سٹاف کالج کوئٹہ بھی رہ چکے ہیں۔ ندیم احمد انجم کا تعلق پاکستان آرمی کی پنجاب رجمنٹ سے ہے۔ وہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے 77 لانگ کورس میں پاس آؤٹ ہوئے تھے۔ جنرل ندیم احمد انجم کا تعلق گوجر خان سے ہے۔ انہوں نے لندن رائل ملٹری کالج سے دو سالہ ڈگری بھی حاصل کی ہوئی ہے۔ بطور بریگیڈیئر لیفٹینیٹ جنرل ندیم احمد انجم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں انسٹرکٹر رہے ہیں جبکہ کراچی کور میں چیف آف سٹاف بھی رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جنرل ندیم ہنگو میں دو سال بریگیڈ کمانڈر کے بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 957474
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش