0
Wednesday 6 Oct 2021 20:28

امام حسنؑ کا درس ہے کہ اپنی قوم کی جانوں کا دفاع ہر عہدے اور ہر اختیار پر مقدم ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

امام حسنؑ کا درس ہے کہ اپنی قوم کی جانوں کا دفاع ہر عہدے اور ہر اختیار پر مقدم ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امام حسن علیہ السلام کا ہر عمل حکمت و دانش سے بھرپور اور ہر قول اپنے اندر علم کے خزانے سمیٹے ہوئے تھا، آپ سراپا حق و صداقت تھے۔ انہوں نے اپنے عمل سے یہ ثابت کیا کہ ظاہری جاہ و منصب سے تو دستبرداری اختیار کی جا سکتی ہے لیکن راہ حق سے ایک لحظے کے لئے بھی پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسن علیہ السلام نے سیاسی تدبر اور حکمت عملی سے اپنے محبین کو ان کی جانوں اور ناموس کا تحفظ فراہم کیا، امام حسن علیہ السلام کی سیرت سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ اپنی قوم کی جانوں کا دفاع ہر عہدے اور ہر اختیار پر مقدم ہے۔ 

علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ حکومت کے ہر تعلق ہر عہدے سے دستبردار تو ہوا جاسکتا ہے لیکن  قوم کے حقوق کی پاسداری سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی اپنے رہبر کے ہمراہ میدان عمل میں موجودگی مقصد کی کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی ہے، وہ قوم کبھی باوقار مقام نہیں حاصل کر سکتی جو عمل سے کترائے اور زبانی جمع خرچ سے منزل کی جستجو کرے، اگر قوم وفا نہ کرے تو امام حسن علیہ السلام جیسے عظیم رہنما کو بھی تنہائی کا صدمہ جھیلنا پڑتا ہے، حق بات پر استقامت دکھانا اہل بیت اطہار علیہم السلام کا شعار ہے، ہم مظلوم کے حمایتی اور ظالم کے ہمیشہ مخالف رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 957485
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش