QR CodeQR Code

مودی حکومت کسانوں کے قاتلوں کو تحفظ دے رہی ہے، اروند کجریوال

6 Oct 2021 21:45

دہلی کے وزیراعلٰی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کسانوں کو دن کی روشنی میں گاڑیوں سے کچل دیا گیا اور اس معاملے کے مجرم ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ دہلی کے وزیراعلٰی اروند کجریوال نے کہا کہ اترپردیش کے لکھیم پور کھیری میں کسان مارے گئے اور مودی حکومت اب قاتلوں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اروند کجریوال نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کسانوں کو دن کی روشنی میں گاڑیوں سے کچل دیا گیا اور اس معاملے کے مجرم ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں جس طرح قاتل کو بچایا جا رہا ہے ایسا صرف ہندی فلموں میں دیکھا جاتا تھا، پوری حکومت قاتل کو بچانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی لیڈر یا بڑا آدمی ہے تو کیا وہ کسی کو کچل دے گا۔

انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ پورا ملک لکھیم پور کھیری کی حقیقت جاننا چاہتا ہے، لہذا آپ کسانوں کا درد بانٹیں اور سچ کو سامنے آنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کیا چھپایا جا رہا ہے، اپوزیشن کے لیڈروں، صحافیوں کو موقع پر جانے سے روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو غمزدہ کسانوں سے ملنے جا رہے ہیں انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے۔ اروند کجریوال نے کہا کہ ایک سال سے کسان سرحد پر بیٹھے ہیں، ان میں سے چھ سو کسانوں کی موت ہوچکی ہے اور اب ان کو گاڑیوں سے کچلا جارہا ہے، کسانوں سے اتنی نفرت کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لکھیم پور میں کسانوں کو کچلا نہیں گیا بلکہ پورا نظام کچل دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 957503

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/957503/مودی-حکومت-کسانوں-کے-قاتلوں-کو-تحفظ-دے-رہی-ہے-اروند-کجریوال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org