0
Thursday 7 Oct 2021 20:05

زلزلہ متاثرین کو رضاکارانہ سروسز دے رہے ہیں، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن

زلزلہ متاثرین کو رضاکارانہ سروسز دے رہے ہیں، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن
اسلام ٹائمز۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صوبائی صدر ڈاکٹر احمد عباس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی صوبائی کابینہ اور وائی ڈی اے سپریم کونسل کے ممبرز صوبے کے واحد ٹراما اینڈ ایمرجنسی سینٹر میں زلزلہ متاثرین کو علاج معالجہ کی غرض سے رضاکارانہ طور پر سروسز دے رہے ہیں۔ انہوں نے صوبے کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال میں ایم آر آئی مشین کی غیر دستیابی پر حکومت وقت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہماری بدقسمتی اور بدنصیبی ہے کہ دور جدید میں اس ملک کے بدنصیب ترین صوبے میں ایم آر آئی مشین موجود نہیں، جو کرپٹ حکمرانوں کی بدعنوانی کی تصویر پیش کرتی ہے۔ زلزلہ متاثرین میں سے اکثر مریضوں کی ریڑھ کی ہڈی اور دماغ کو چھوٹ پہنچا ہے، مگر اس کی تشخیص سندیمن پراونشل ہسپتال کوئٹہ میں ایم آر آئی مشین کے نہ ہونے کی وجہ سے ممکن نہیں ہے۔ جو متاثرہ مریضوں کے علاج میں تاخیر کا سبب بنے گا۔
 
صدر وائی ڈی اے کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سال سے وائی ڈی اے بلوچستان اس بات کی ڈیمانڈ کر رہی ہے کہ ایس پی ایچ کوئٹہ میں ایم آر آئی مشین کی دستیابی یقینی بنائی جائے مگر کرپٹ حکمرانوں کو ہوش نہ آیا۔ ان کی اس بے حسی کا خمیازہ آج غریب عوام کو بگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں انہی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف وائی ڈی اے بلوچستان سراپا احتجاج ہے۔ ان کے مطابق سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کا حکومتی ارادہ چکنا چور ہونے تک اور ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی تک وائی ڈی اے بلوچستان چین سے نہیں بیٹھے گی۔
خبر کا کوڈ : 957660
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش