0
Friday 8 Oct 2021 01:20

یورپ میں پی آئی اے پروازوں کی بحالی سی اے اے کے آڈٹ سے مشروط

یورپ میں پی آئی اے پروازوں کی بحالی سی اے اے کے آڈٹ سے مشروط
اسلام ٹائمز۔ یورپی یونین نے یورپ میں پی آئی اے پروازوں کی جلد بحالی کو سول ایوی ایشن آڈٹ سے مشروط کر دیا۔ یورپی یونین کی پاکستان میں سفیر اندرولا کمینارا اور سی ای او پی آئی اے ائرمارشل ارشد ملک کے درمیان ملاقات ہوئی جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق یورپین یونین کی مندوب اندرولا کمینارا نے ارشد ملک کو واضح طور پر باور کروایا کہ آپ لوگ ہر بار اس تقاضے کے ساتھ رجوع کرتے ہیں کہ یورپ میں پی آئی اے پروازیں بحال کی جائیں مگر اس کے حوالے سے جو اقدامات کرنے ہیں اس کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اپنے اسٹینڈرز پر عمل درآمد کیے بغیر مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ اندرولا کمینارا کے مطابق اس حوالے سے جولائی اور اگست میں سی اے اے پاکستان کو لکھا گیا اور ان سے یہ بھی کہا گیا کہ 9 نومبر کو یورپی یونین اور سی اے اے کی ملاقات سے قبل ایک پری میٹنگ 15 اکتوبر کو رکھی جائے تاکہ اس مسئلے کا کوئی دیرپا حل تلاش کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق سی ای او ارشد ملک نے یورپی یونین کی خاتون مندوب کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ ڈی جی سی اے اے سے وہ ذاتی طور پر ملاقات کریں گے تاکہ یورپ میں پی آئی اے پر عائد سفری پابندیوں کے خاتمے کے لیے تیزترین حکمت عملی اپنائی جاسکے۔ ترجمان پی آئی اے نے یورپی یونین کی مندوب اور سی ای او پی آئی اے کی ملاقات کی تصدیق کی تاہم انھوں نے سی اے اے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ قومی ائرلائن اور پی آئی اے مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہیں، بہت جلد اس پر باہمی اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ اس حوالے سے بہتر لائحہ عمل ترتیب دیا جاسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اندرولا کمنیارا نے یورپی یونین اہل کاروں کے انخلا پر سی ای او پی آئی اے کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 957684
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش