0
Saturday 9 Oct 2021 19:50
دارالعلوم سراجیہ نعیمیہ کے زیر اہتمام 36ویں سالانہ سیرت النبیﷺ کانفرنس

اسلام عشقِ نبی(ص) کے نام پر جلاو گھیراو کی اجازت نہیں دیتا، نبیرہ عندلیب

اسلام عشقِ نبی(ص) کے نام پر جلاو گھیراو کی اجازت نہیں دیتا، نبیرہ عندلیب
اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم سراجیہ نعیمیہ کے زیر اہتمام ہونیوالی 36ویں سالانہ سیرت النبیﷺ کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ تمام مسائل کے حل کیلئے اسلام کی روشن تعلیمات سے رہنمائی لی جائے، عشق رسول ﷺ کے نام پر جلاﺅ، گھیراﺅ اور حکومتی اداروں کو نقصان پہنچانے کی اسلام میں ہرگز اجازت نہیں، اسلام کسی بھی دوسرے فرد کی کردار کشی کی اجازت نہیں دیتا، رواداری و برداشت کا فروغ وقت کی اہم ضروت ہے۔ محافل میلاد کو محض رسم نہ بنایا جائے بلکہ اس کے ذریعے مکمل اخلاقی و روحانی تربیت کا سامان مہیا کیا جانا چاہیے۔ دارالعلوم سراجیہ نعیمیہ لاہور کی سالانہ کانفرنس کی صدارت سابق رکن صوبائی اسمبلی و ناظمہ نبیرہ عندلیب نعیمی نے کی جبکہ رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ سمیت سیاست و دیگر شعبوں کی اہم خواتین شخصیات، 50 سے زائد اداروں کی ناظمات سمیت طالبات کی کثیر تعداد نے سالانہ سیرت النبیﷺ کانفرنس میں شرکت کی۔

نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان شعبہ خواتین کے زیراہتمام دارالعلوم سراجیہ نعیمیہ میں ہونیوالی کانفرنس کو محفل میلاد میں بھی تبدیل کر دیا گیا اور طالبات نے سرکار دو عالم ﷺ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کرکے سما باندھ دیا۔ خطابات کے علاوہ تلاوت قرآن پاک، حمد و ثناء خصوصی طور پر کانفرنس اور محفل میلاد کا حصہ تھے۔ ادارہ سے طویل وابستگی کے باعث سابق طالبہ خالدہ نورین کو خصوصی شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔ قبل ازیں ناظمہ نبیرہ عندلیب نعیمی نے کہا کہ ناموس رسالتﷺ کے تحفظ کے لئے مردوں کیساتھ ساتھ خواتین کا بھی اتنا ہی اہم کردار ہے، ہمیں اپنے پیارے آقا ﷺ کی ناموس کی خاطر کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر نبی کریم ﷺ کی ناموس کا معاملہ اٹھایا، اور بارہا اٹھاتے ہوئے عالمی برادری پر واضح کیا کہ ہمارے پیارے نبیﷺ کی شان و عظمت میں توہین ہمارے لئے ناقابل برداشت ہے، اس سے پہلے کسی بھی سربراہ مملکت نے اس معاملے پر عالمی سطح پر آواز بلند نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ بعض لوگ سیاست چمکانے کیلئے اس حساس معاملے پر بیان بازی کرتے ہیں لیکن سبھی جان لیں کہ وزیراعظم عمران خان پیارے نبی کریم ﷺ کی عزت و ناموس کی حفاظت کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں، اسی تسلسل میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ منایا جا رہا ہے تاکہ عالمی سطح پر ٹھوس پیغام دیا جا سکے کہ ہم اپنے پیارے نبی کریمﷺ سے کتنی محبت کرتے ہیں۔ کانفرنس و محفل میلاد کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور امت مسلمہ کیلئے خصوصی طور پر دعا بھی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 957946
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش