0
Sunday 10 Oct 2021 11:41

پاکستان کے ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کرگئے

پاکستان کے ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کرگئے
اسلام ٹائمز۔ محسنِ پاکستان اور نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پھیپھڑوں میں تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو صبح 6 بجے کے قریب کے آر ایل ہسپتال لایا گیا تھا، جہاں ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہوگئی تھی، ڈاکٹروں نے ایٹمی سائنسدان کو بچانے کی پوری کوشش کی، تاہم صبح 7 بج کر 4 منٹ پر وہ دار فانی سے کوچ کر گئے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان 1936ء میں  بھارت کے شہر بھوپال میں پیدا ہوئے اور تقسیم ہند کے بعد 1947ء میں اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ہجرت کرکے پاکستان آئے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر نے انجینئرنگ کی ڈگری 1967ء میں نیدرلینڈز کی ایک یونیورسٹی سے حاصل کی، انہوں نے بیلجیئم کی ایک یونیورسٹی سے میٹلرجیکل انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی، بعدازاں انہوں نے ایمسٹرڈیم میں فزیکل ڈائنامکس ریسرچ لیبارٹری جوائن کی۔ مئی 1998ء میں پاکستان نے بھارتی ایٹم بم کے تجربے کے بعد کامیاب تجربہ کیا، جس کی نگرانی ڈاکٹر قدیر خان نے ہی کی تھی۔ پاکستان کے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان پہلے پاکستانی ہیں جنہیں 3 صدارتی ایوارڈز سے نوازا گیا، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو دو بار نشان امتیاز بھی دیا گیا، اس کے علاوہ انہیں ہلال امتیاز سے بھی نوازا گیا۔
خبر کا کوڈ : 958011
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش