QR CodeQR Code

ملک میں جاری نام نہاد احتسابی عمل ایک فرینڈلی کھیل کے علاوہ اور کچھ نہیں، سراج الحق

10 Oct 2021 23:31

ملتان میں علماء و آئمہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ تینوں بڑی جماعتوں نے جنوبی پنجاب الگ صوبہ کے نام پر علاقہ کی عوام کو دھوکا دیا۔ جنوبی پنجاب کا کسان رُل گیا، غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے لوگوں کے چہرے اڑے ہوئے ہیں۔ ہمارے حکمرانوں کو عوام کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا وقت آ گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے کریڈٹ پر کمرتوڑ مہنگائی، طوفان بے روزگاری، قرضوں کا پہاڑ اور کشمیر کا سودا ہے، وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا ایک نہیں دے سکے۔ موجودہ حکومت کے دور میں مافیاز کی چاندی ہے جو بحران پیدا کرکے اربوں کماتے ہیں۔ حکومت مافیاز، کرپٹ سرمایہ داروں اور وڈیروں کے نرغے میں ہے۔ سٹیٹ بنک آئی ایم ایف کے ایجنٹ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہا ہے، ڈالر بلندیوں پر پرواز اور روپیہ پستیوں کی جانب سفر کر رہا ہے۔ آٹا، گھی، دالیں اور سبزیوں کی قیمتیں غریب کے ہوش اُڑا دیتی ہیں۔ عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔ ایک طرف مہنگائی نے لوگوں کی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے دوسری جانب کرپٹ اشرافیہ مال بنانے میں مصروف ہے۔ رتی برابر بھی یقین نہیں کہ وزیراعظم پنڈورا پیپرز کی شفاف تحقیقات کرا سکیں گے۔ تینوں بڑی جماعتوں کے لوگوں کا نام حالیہ لیکس میں آیا ہے۔ پانامہ لیکس میں بھی اسی حکمران اشرافیہ کی کرپشن کی داستانیں تھیں۔ ملک میں جاری نام نہاد احتسابی عمل ایک فرینڈلی کھیل کے علاوہ اور کچھ نہیں۔ وطن عزیز کے ریسورسز کی لوٹ مار جاری ہے۔ وزیراعظم سوا تین سالوں سے یہی کہتے آرہے ہیں کہ پچھلی حکومتوں کا ڈالا گند صاف کر رہے ہیں۔ حیران ہوں کہ موجودہ حکومت نے جو بحران پیدا کیے ہیں ان کا ازالہ کیسے ہوگا۔

ملتان میں علماء و آئمہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ تینوں بڑی جماعتوں نے جنوبی پنجاب الگ صوبہ کے نام پر علاقہ کی عوام کو دھوکا دیا۔ جنوبی پنجاب کا کسان رُل گیا، غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے لوگوں کے چہرے اڑے ہوئے ہیں۔ ہمارے حکمرانوں کو عوام کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ عوام ووٹ کی طاقت سے لٹیروں کا احتساب کرے۔ قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے، اللہ کی مدد و نصرت سے پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالیں گے۔ امیر العظیم کا کہنا تھا کہ موجودہ اور ماضی کے حکمرانوں کی پالیسیوں میں رتی برابر بھی فرق نہیں۔ حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تمام جدوجہد پاکستان کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنانے کے لیے ہے۔ تینوں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں عوام کو ریلیف پہنچانے میں مکمل ناکام ہو گئیں۔


خبر کا کوڈ: 958062

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/958062/ملک-میں-جاری-نام-نہاد-احتسابی-عمل-ایک-فرینڈلی-کھیل-کے-علاوہ-اور-کچھ-نہیں-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org