0
Monday 11 Oct 2021 11:00

کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، شاہ محمود قریشی

کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان، کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور جرائم کے ناقابل تردید شواہد پر مبنی ڈوزیئر دنیا کو پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے جبر و بربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر، علاقائی کے بجائے عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور اس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ شاہ محمود قریشی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر سامنے آئے اور قابض افواج کی جانب سے کیے جانے والے مظالم سے کشمیریوں کو بچائے۔

افغانستان کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن ہماری اولین ترجیح ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ اگر افغانستان میں امن ہوگا تو پورے خطے میں امن ہوگا جبکہ دنیا، افغانستان میں امن کے لیے ہماری کوششوں کی شاہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل سمیت ہم خطے میں امن و استحکام کے لیے مفاہمتی کوششیں جاری رکھیں گے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا نے دنیا کی مضبوط معیشتوں کو بُری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز کا سامنا کرنے لیے پاکستان معاشی سفارت کاری، اقتصادی تعاون کے فروغ اور علاقائی تعلقات بڑھانے پر توجہ دے رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت صحیح راہ پر گامزن ہے اور معاشی اشاریے حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس اور دہشت گردی جیسے چیلنجز پر قابو پاکر پاکستان ایک مضبوط قوم بن کر ابھرا ہے۔ وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان دنیامیں ایک خوشحال ملک بن کر ابھر رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کے ذریعے زراعت اور برآمدات کے شعبے میں نمایاں ترقی ہوئی ہے، عوام کے مفاد میں پائیدار ترقی کا سفر جاری رہے گا اور پاکستان، اپنی ترقی پسندانہ پالیسیوں کے باعث دنیا میں جلد اہمیت حاصل کر لے گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے، دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے کام کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے سفارتی مشنز کو ہدایات دی ہے کہ وہ پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کوششیں کریں۔ اس سے قبل وزیر خارجہ نے ملتان میں مصروف دن گزارا اور رضا ہال میں منعقدہ سیرت کانفرنس میں خطابات سنیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور و قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر، معین ریاض قریشی، رکن قومی اسمبلی ملک احمد حسین ڈہر، اراکن صوبائی اسمبلی وسیم خان بدوزئی، ندیم قریشی، ملک سلیم لبر اور ظہیر الدین علی زئی، ملتان کے کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد، ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان، خالد جاوید وڑائچ، قربان فاطمہ اور سول سوسائٹی کے اراکین سمیت دیگر موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 958126
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش