0
Monday 11 Oct 2021 14:52

داعش سے چھٹکارا پانے کیلئے طالبان واحد اور بہترین آپشن ہیں، عمران خان

داعش سے چھٹکارا پانے کیلئے طالبان واحد اور بہترین آپشن ہیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ داعش سے چھٹکارا پانے کیلئے طالبان واحد اور بہترین آپشن ہیں۔ غیر ملکی جریدے کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن اور استحکام خطے کے لیے ناگزیر ہے، افغانستان تمام ہمسایہ ممالک کے لیے اہم ترین تجارتی گزرگاہ ہے، وسط ایشیائی ممالک افغانستان کے راستے پاکستان تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، پاکستان افغانستان کا ہمسایہ ملک ہے، وہاں کے حالات ہم پر اثرانداز ہوتے ہیں، ہم کسی کا ساتھ نہیں دے رہے، ہم امن کی بات کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں افغانوں کو مختلف قسم کے مسائل کا سامنا ہے، امریکی فوج کے انخلاء کے بعد افغانستان میں انسانی بحران کا خدشہ پیدا ہوا، افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت آچکی ہے، جو افغانستان میں صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے، صورت حال پر قابو پانے کے لیے طالبان کو موثر اقدامات اٹھانا ہوں گے، افغانستان میں مضبوط طالبان حکومت دہشت گرد تنظیموں سے نمٹ سکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کو افغانستان کے ساتھ ہر صورت بات چیت کرنی چاہیئے، افغانستان میں صورتحال کشیدہ ہوئی تو اثرات بہت دور تک جائیں گے۔ طالبان نے 20 سال بعد حکومت سنبھالی ہے، طالبان نے خواتین کی تعلیم سے انکار نہیں کیا بلکہ شرعی طریقے سے حصول کی بات کی، طالبان نے واضح کیا ہے کہ وہ تعلیم، خواتین کے حقوق اور دیگر مسائل کو حل کریں گے، افغانستان کی آدھی سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک افغان عوام کو تنہا نہ چھوڑیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا نے 20 سال افغانستان میں رہ کر دیکھ لیا کہ مسائل کا حل کیا ہے، اشرف غنی کی حکومت اور ان کی سکیورٹی فورسز آج کہاں ہیں؟ امریکا نے اشرف غنی حکومت اور سکیورٹی فورسز پر بھاری سرمایہ کاری کی، کابل میں کرپٹ حکومت کی وجہ سے ہی طالبان کو شہرت ملی، 3 لاکھ افغان فوجیوں نے لڑے بغیر ہتھیار ڈالے، امریکا کو افغانستان کی صورتحال سے دھچکہ لگا، امریکی عوام کو افغانستان کی اصل صورتحال سے گمراہ رکھا گیا، امریکی اس وقت صدمے میں ہیں، میرا خیال نہیں کہ وہ ابھی صورت حال کو ہضم کر پائے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 958156
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش