QR CodeQR Code

اردو زبان کا دائرہ روز بروز وسیع ہوتا جا رہا ہے، شیخ عقیل احمد

11 Oct 2021 19:36

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر نے کہا کہ خلیجی ممالک میں اردو زبان کے تئیں لوگوں میں غیر معمولی محبت اور دلچسپی پائی جاتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اردو کی شیرینی، لطافت اور مقبولیت کا اعتراف کرتے ہوئے بھارت کی قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ موجودہ دور میں اردو زبان کی محبوبیت کا دائرہ روز بروز وسیع ہوتا جا رہا ہے اور برصغیر ہند و پاک کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی اس کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ابوظبی سے تشریف لائے مشہور شاعر جاوید صدیقی اور مشہور فکشن نگار و صحافی ڈاکٹر سلیم خان کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب میں پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر خلیجی ممالک میں اردو زبان کے تئیں لوگوں میں غیر معمولی محبت اور دلچسپی پائی جاتی ہے اور جب ہم وہاں کسی سیمینار یا پروگرام میں جاتے ہیں تو اردو کے پُرجوش محبین کو دیکھ کر بے انتہا مسرت ہوتی ہے۔

انہوں نے جاوید صدیقی کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف ایک بہترین شاعر ہیں اور ابوظبی میں ادبی و ثقافتی مجلسوں کے انعقاد میں پیش پیش رہتے ہیں، ان جیسے اردو کے بے لوث خادموں کی بدولت ہی غیر اردو خطوں میں اردو کا چراغ روشن ہے۔ پروفیسر شیخ عقیل احمد نے ڈاکٹر سلیم خان کی ادبی و صحافتی سرگرمیوں کی ستائش کی اور کہا کہ تازہ ترین موضوعات پر ان کے تجزیے اور تخلیقات قابل قدر ہوتی ہیں۔ معزز مہمانوں نے قومی کونسل کے ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پروفیسر شیخ عقیل احمد کی سربراہی میں کونسل اردو زبان کی گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ اس موقعے پر ایک مختصر شعری نشست بھی ہوئی، جس میں جاوید صدیقی نے سامعین کو اپنی غزلیں سنائیں۔ ان کے علاوہ ڈاکٹر عبدالرشید اعظمی، منیر انجم، ڈاکٹر یوسف رامپوری، محترمہ آبگینہ عارف اور محمد انصر نے بھی اپنے اشعار سے حاضرین کو محظوظ کیا۔


خبر کا کوڈ: 958195

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/958195/اردو-زبان-کا-دائرہ-روز-بروز-وسیع-ہوتا-جا-رہا-ہے-شیخ-عقیل-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org