QR CodeQR Code

وزیر داخلہ کا ڈالر ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا اعلان

11 Oct 2021 23:37

میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈالر ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف ایف آئی اے نے گھیرا تنگ کر دیا ہے اور 5 بڑی کمپنیوں کا آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 88 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 47 کیخلاف ایف آئی آر درج کی ہے، ڈالر اگر غیر قانونی طریقہ سے افغانستان بھیجا گیا تو اس پر کسٹمز کو تحقیقات کرنی چاہیئے، کسٹم ڈیپارٹمنٹ وزارت داخلہ کے ماتحت نہیں، ہمارا کام صرف ہولڈنگ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے نے گھیرا تنگ کرتے ہوئے 5 کمپنیوں کے آڈٹ کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ پر وزارت داخلہ نے بہترین انتظامات کئے اور محسن پاکستان کو وزارت داخلہ نے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا، وزیراعظم کی ہدایات تھی کہ ڈاکٹر القدیر کی تدفین فیصل مسجد میں کی جائے، لیکن گھر والوں کی مرضی کے بعد انہیں ایچ ایٹ میں سپرد خاک کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے نے گھیرا تنگ کر دیا ہے اور 5 بڑی کمپنیوں کا آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 88 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 47 کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے، ڈالر اگر غیر قانونی طریقہ سے افغانستان بھیجا گیا تو اس پر کسٹمز کو تحقیقات کرنی چاہیئے، کسٹم ڈیپارٹمنٹ وزارت داخلہ کے ماتحت نہیں، ہمارا کام صرف ہولڈنگ ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ 27 ہزار این جی اوز میں سے 91 فارن فنڈنگ میں ملوث ہیں، ان این جی اوز کی فنڈنگ کے معاملات بھی دیکھ رہے ہیں، این سی او سی کو بدنام کرنے کے لیے جعلی اندراج کیے جا رہے ہیں، ایف آئی اے کو جعلی ویکسی نیشن کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے، دو پاسپورٹ کے حامل افراد 30 اکتوبر تک ایک پاسپورٹ سرنڈر کرسکتے ہیں، دو دو شناختی کارڈ کی جرمانہ فیس 10 ہزار سے کم ہو کر 5 ہزار کر دی ہے، حکومت کو سمری بھیج رہے ہیں کہ جن بارڈر پر ایف آئی اے اور کسٹم نہیں، وہاں تعیناتی اور سہولت دی جائے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مذہب کی بنیاد پر کسی کو نہیں چھیڑیں گے، پی ڈی ایم جو کرنے جا رہی ہے، یہ نہ ہو ان کے گلے پڑ جائے، سول ملٹری تعلقات کے حوالہ سے کوئی مسئلہ نہیں، جب بھی ٹرانسفر ہوتی ہیں، وہ معمول کے مطابق ہوتی ہیں، وزیراعظم کی ہدایات پر وزیراعظم آفس میں افغانستان ڈیسک بنے گا، وزارت داخلہ بھی اس کا حصہ ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 958223

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/958223/وزیر-داخلہ-کا-ڈالر-ذخیرہ-کرنیوالوں-کیخلاف-گھیرا-تنگ-کرنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org