QR CodeQR Code

کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ سے 3 پاکستانی فوجی شہید

1 Sep 2011 10:49

اسلام ٹائمز: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات وادی نیلم کے علاقے دودھنیال میں بھارتی فوج نے پاکستانی چوکی پر بلااشتعال فائرنگ کی، اس موقع پر ایک دھماکہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں اور فائرنگ سے مجاہد بٹالین کے تین اہل کار شہید ہو گئے۔


راولپنڈی:اسلام ٹائمز۔ کشمیر کی کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے مقامی فورس، مجاہد بٹالین کے تین اہل کار شہید ہو گئے ہیں، یہ واقعہ چاند رات کو پیش آیا۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات وادی نیلم کے علاقے دودھنیال میں بھارتی فوج نے پاکستانی چوکی پر بلااشتعال فائرنگ کی، اس موقع پر ایک دھماکہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں اور فائرنگ سے مجاہد بٹالین کے تین اہل کار شہید ہو گئے، پاکستان نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے واقعے میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ بھارت سے شدید احتجاج کرتے ہوئے معاملے پر بھارتی کمانڈر سے بات کی ہے۔ میجر جنرل اطہر عباس نے کہا کہ اس واقعہ کی مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں جبکہ فائرنگ کا معاملہ مقامی بھارتی کمانڈر کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2003ء سے کنٹرول لائن پر سیز فائر کا معاہدہ چلا آ رہا ہے تاہم اس دوران فائرنگ کے بعض واقعات رونما بھی ہوتے رہے۔


خبر کا کوڈ: 95824

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/95824/کنٹرول-لائن-پر-بھارتی-فوج-کی-جانب-سے-بلا-اشتعال-فائرنگ-3-پاکستانی-فوجی-شہید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org