QR CodeQR Code

وحدت کے ہتھیار سے ہی دشمن کا مقابلہ ممکن ہے، علامہ جواد نقوی

اسلام دشمن متحد جبکہ اُمت مسلمہ انتشار و افتراق کا شکار ہے، سراج الحق

علامہ جواد نقوی کی سراج الحق سے ملاقات، وحدت کانفرنس کی دعوت دی

12 Oct 2021 10:24

علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ وحدتِ اُمت کی جتنی ضرورت اب ہے، پہلے کبھی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں مسلمان سمجھ کر ٹارگٹ کرتا ہے، وہ شیعہ سنی، دیوبندی بریلوی، نہیں دیکھتا، اس کا ہدف ہم بطور مسلم ہیں، تو ہم پھر کیوں گروہوں میں تقسیم ہیں، ہمیں متحد ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانا ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریکِ بیداری اُمت مصطفیٰ اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علامہ سید جواد نقوی نے سراج الحق کو ’’وحدت امت کانفرنس‘‘ کا دعوت نامہ پیش کیا۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ وحدتِ اُمت کی جتنی ضرورت اب ہے، پہلے کبھی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں مسلمان سمجھ کر ٹارگٹ کرتا ہے، وہ شیعہ سنی، دیوبندی بریلوی، نہیں دیکھتا، اس کا ہدف ہم بطور مسلم ہیں، تو ہم پھر کیوں گروہوں میں تقسیم ہیں، ہمیں متحد ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال وحدت امت کانفرنس کا عنوان ’’رحمت اللعالمین و رحماء بینھم‘‘ رکھا گیا ہے، ہمارا مقصد امت کو آپس میں ’’رحماء بینھم‘‘ بنانا ہے اور باہمی نفرتوں کا خاتمہ کرنا ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ دشمن مسلسل اسلام کو نشانہ بنائے ہوئے ہے اور اسلام دشمن قوتیں متحد ہیں جبکہ امت مسلمہ انتشار و افتراق کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ کی اتحادِ امت کیلئے کوششیں لائق تحسین ہیں، جن کو سراہتے ہیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ وہ اس کانفرنس میں شرکت کو اعزاز سمجھتے ہیں اور لازمی شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ وحدت امت کیلئے کام کیا ہے، ملی یکجہتی کونسل ہو یا متحدہ مجلس عمل، جماعت اسلامی کی وحدت کیلئے خدمات نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی ہم ایسے اقدامات کی حمایت کریں گے جن سے اُمت میں بھائی چارہ پیدا ہو۔ انہوں نے علامہ سید جواد نقوی کی اتحاد کیلئے کوششوں اور مدارس کے تعلیمی نظام میں جدیدیت لانے کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔


خبر کا کوڈ: 958268

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/958268/اسلام-دشمن-متحد-جبکہ-ا-مت-مسلمہ-انتشار-افتراق-کا-شکار-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org