QR CodeQR Code

کوئٹہ بم دھماکہ شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ کا تسلسل ہے، علامہ ساجد نقوی

1 Sep 2011 13:52

اسلام ٹائمز:اپنے مذمتی بیان میں اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ملک کی تقدیر کے مالک ہونے کے باوجود شدید عدم تحفظ کا شکار مجبور، بے بس اور پریشان حال عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور ہر نیا سانحہ انکے دکھوں میں اضافہ کرتا چلا جا رہا۔ عورتیں بیوہ، بچے یتیم اور خاندان کے خاندان تباہی و بربادی کی تصویر پیش کر رہے ہیں۔


راولپنڈی:اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے گلستان روڈ کوئٹہ میں عیدگاہ کی پارکنگ کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں نماز عید کی ادائیگی سے واپس جانے والے دس نمازیوں کی شہادت اور کمسن بچوں سمیت متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے کوئٹہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا تسلسل قرار دیا ہے اور اس سانحہ پر تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی تقدیر کے مالک ہونے کے باوجود شدید عدم تحفظ کا شکار مجبور، بے بس اور پریشان حال عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور ہر نیا سانحہ انکے دکھوں میں اضافہ کرتا چلا جا رہا۔ عورتیں بیوہ، بچے یتیم اور خاندان کے خاندان تباہی و بربادی کی تصویر پیش کر رہے ہیں۔ ان حالات میں عوام کی ہمت جواب دے چکی ہے اور انکے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، یہی وجہ ہے کہ انہیں کوئی جائے پناہ دکھائی نہیں دیتی گویا حکومت، ریاست کے وجود کی بجائے ملک پر عملاً دہشت گردوں اور قاتلوں کا راج نظر آتا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین اور پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے عید کے موقع پر مکمل ہمدردی اور انکے غم میں برابر کے شریک ہونے کا اظہار کیا۔


خبر کا کوڈ: 95834

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/95834/کوئٹہ-بم-دھماکہ-شہر-میں-جاری-ٹارگٹ-کلنگ-کا-تسلسل-ہے-علامہ-ساجد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org