QR CodeQR Code

خورشید شاہ کی رہائی کیلئے سکردو میں جیالوں کا مظاہرہ

12 Oct 2021 18:52

مقررین کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے کنٹینر میں کھڑے ہو کر کہا تھا کہ جب مہنگائی بڑھ جائے، پیڑول مہنگا ہو جائے، ڈالر کی قیمت بڑھ جائے تو وزیر اعظم چور ہوتا ہے۔ آج وقت نے ثابت کیا کہ عمران نیازی خود سب سے بڑا چور ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز سیکریٹریٹ سکردو میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کی رہائی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے سے سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ، عمران ندیم، خورشید شاہ رہائی کمیٹی کے مرکزی صدر میر گاجو ملاح، مرزا حسن، عبد اللہ حیدری، محمد بشیر، بشارت ایڈووکیٹ اور جانثاران بلاول بھٹو کے صدر حسن پاشا نے خطاب کیا۔ سابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید خورشید شاہ کا گلگت بلتستان سیلف گورننس آرڈیننس 2009ء میں اہم کردار رہا ہے۔ وہ جی بی کے محسن ہیں، ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جی بی میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی، وزیر اعلیٰ، گورنر اور وزراء کو کچھ نہیں آتا۔ لوگوں کو صرف گلے لگانے سے ان کے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ عملی کام کرنا پڑتا یے۔ بجلی کی کمی پوری کرنے کے لئے جہاد کی نہیں بلکہ بجلی گھروں کی ضرورت ہوتی ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور جیالوں کو ہمیشہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے مگر اس کے باوجود انہوں نے کبھی سر نہیں جھکایا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے عمران ندیم، میر گاجو ملاح اور دیگر نے کہا کہ سید خورشید شاہ کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے کنٹینر میں کھڑے ہو کر کہا تھا کہ جب مہنگائی بڑھ جائے، پیڑول مہنگا ہو جائے، ڈالر کی قیمت بڑھ جائے تو وزیر اعظم چور ہوتا ہے۔ آج وقت نے ثابت کیا کہ عمران نیازی خود سب سے بڑا چور ہے۔ بہت جلد عمران نیازی بھاگ جائے گا۔ جی بی میں بھی کٹھ پتلیوں کو جمع کر کے زبردستی حکومت بنائی گئی ہے لیکن یہ لوگ اپنی جیب بھرنے کے علاؤہ کچھ نہیں کر سکتے۔ سید خورشید شاہ کو اگر رہا نہیں کیا گیا تو خنجراب سے سیاچن تک بھرپور احتجاج ہوگا۔ یہاں تک کہ ہم ڈی چوک پر دھرنا دینے کے لئے بھی تیار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 958375

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/958375/خورشید-شاہ-کی-رہائی-کیلئے-سکردو-میں-جیالوں-کا-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org