QR CodeQR Code

قومی ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر حکومتی رویہ افسوسناک ہے، اسداللہ بھٹو

12 Oct 2021 19:23

اپنے تعزیتی بیان میں ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان محسن پاکستان اور قومی ہیرو تھے، جنکی محنت کے نتیجے میں پاکستان دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بن گیا۔


اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان محسن پاکستان اور قومی ہیرو تھے، جس کی محنت کے نتیجے میں پاکستان دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بن گیا، وہ نہ صرف ہماری تاریخ کا حصہ بلکہ ایک قومی ہیرو اور محسن پاکستان کے طور پر قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ اپنے تعزیتی بیان میں اسداللہ بھٹو نے کہا کہ وطن عزیز کو ناقابل تسخیر قوت بنانے والے قومی ہیرو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، مگر پوری قوم کو اس بات کا رنج و افسوس رہے گا کہ موجودہ حکومت نے ان کی وفات پر جو رویہ اختیار کیا، وہ کسی بھی طور پر قابل تعریف نہیں ہے۔

قومی ہیرو و محسنوں کے ساتھ ایسا رویہ بعض سیاسی رہنماؤں سمیت حکومتی رویہ افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اے کیو خان کی وفات پر ملک بھر میں غائبانہ نماز جنازہ اور قرآن خوانی کے اجتماعات پاکستانی قوم کی ان سے محبت و عقیدت کا بھرپور اظہار ہے۔ اسداللہ بھٹو نے مرحوم کی مغفرت، درجات بلندی اور پسماندگان و لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔


خبر کا کوڈ: 958383

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/958383/قومی-ہیرو-ڈاکٹر-عبدالقدیر-خان-کی-وفات-پر-حکومتی-رویہ-افسوسناک-ہے-اسداللہ-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org