QR CodeQR Code

ایران کے پارلیمانی وفد کی سینیٹر شیری رحمان سے ملاقات

12 Oct 2021 19:28

چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے مضبوط سفارتی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ شروع کیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان ایران پارلیمنٹری فرینڈ شپ گروپ کے وفد نے چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور سینیٹر شیری رحمان سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ایرانی وفد کی قیادت ایران پاکستان پارلیمنٹری فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ احمد امیر آبادی فراہانی نے کی۔ وفد میں محسن پیرہادی، اسماعیل حسین زیدی، الہام آزاد اور مالک فضیلی شامل تھے۔ ملاقات میں پاک ایران تعلقات، پارلیمانی سطح پر تعاون اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے مضبوط سفارتی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ شروع کیا۔ سینیٹر شیری رحمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مزید پارلیمانی اجلاس اور اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے ہونے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اچھے اور برے وقت میں ایران کا دوست ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رواداری قابل تحسین ہے۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ دو طرفہ تجارت اور کاروباری روابط کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایران کے ساتھ مضبوط دو طرفہ تعلقات استوار کرنے کے منتظر ہیں۔


خبر کا کوڈ: 958384

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/958384/ایران-کے-پارلیمانی-وفد-کی-سینیٹر-شیری-رحمان-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org