0
Tuesday 12 Oct 2021 19:41

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنایا، علامہ سبطین سبزواری

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنایا، علامہ سبطین سبزواری
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی قوت بناکر مملکت خداداد کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ ان کا انتقال قومی نقصان اور صدمہ ہے۔ تعزیتی بیان میں انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اتنے عظیم سائنسدان اور قومی ہیرو نے مظلومانہ زندگی گزاری، انہیں نظر بند رکھا گیا۔ عوامی دباو نہ ہوتا تو شاید اس وقت کی حکومت انہیں امریکہ کے حوالے بھی کر چکی ہوتی۔ ضمیر فروشوں اور قوم فروشوں کو اعزاز سے نوازنا اور ہیروز کی توہین کرنا ہماری تاریخ کا افسوسناک پہلو ہے افسوس جھوٹے الزامات عائد کرکے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی کردار کشی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ دوسری طرف ہمارے پڑوسی دشمن ملک بھارت کی تاریخ ہے کہ اس نے ڈاکٹر عبدالکلام کو صدر مملکت بنایا، جبکہ ہم نے اپنا صدر کیا بنانا تھا، انہیں بے توقیر کیا۔ ان سے جھوٹا اعتراف کروایا گیا۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ موت برحق ہے، ہر کسی کو آنی ہے لیکن محسن پاکستان اور ایٹمی پروگرام کے بانی کو جس انداز سے مجبور کیا گیا اور ان کو عبرت کا نشان بنایا گیا بحیثیت قوم ہمارے لیے باعث شرمندگی ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ پاکستان کے پہلے منتخب وزیر اعظم ، قادیانیت کے فتنے کو ختم کرنیوالے اور ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے والے ذوالفقار علی بھٹو کو جھوٹے مقدمہ قتل میں عدالت کے ذریعے سزائے موت دلوائی گئی۔ اس کے دو بیٹوں شاہنواز بھٹو اور مرتضیٰ بھٹو کو قتل کر دیا گیا۔ بعدازاں اس کی بیٹی بینظیر بھٹو کو بھی دہشتگردی کے واقعہ میں قتل کر دیا گیا۔

شیعہ علماءکونسل کے رہنما نے کہا کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان پر ظلم کرنیوالے سزا سے بچ نہیں سکیں گے اور قوم ان کے مکروہ چہروں کو جانتی ہے۔ انہوں نے مرحوم کے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
خبر کا کوڈ : 958385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش