QR CodeQR Code

ہزاروں شہریوں کے قاتلوں کو معافی دینا نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی ہے، علامہ مرید نقوی

12 Oct 2021 19:54

اپنے بیان میں وفاق المدارس الشیعہ کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے بعض نادیدہ قوتیں تحریک انصاف کی حکومت کو ناکام کرنے کے منصوبے پر عمل کر رہی ہیں، اپنے ہی شہریوں کے سفّاک قاتلوں سے نرمی اور کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیوں کی سرپرستی کا ریاستِ مدینہ تو در کنار، ایک عام سیاسی حکومت کی پالیسیوں سے بھی دور کا واسطہ نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے کہا ہے کہ عوام میں تکفیری دہشتگردوں کی حکومتی سرپرستی اور دہشت گرد گروہ سے مذاکرات کے بیانات پر عوام میں تشویش پائی جاتی ہے، ایسا لگتا ہے بعض نادیدہ قوتیں تحریک انصاف کی حکومت کو ناکام کرنے کے منصوبے پر عمل کر رہی ہیں، اپنے ہی شہریوں کے سفّاک قاتلوں سے نرمی اور کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیوں کی سرپرستی کا ریاستِ مدینہ تو در کنار، ایک عام سیاسی حکومت کی پالیسیوں سے بھی دور کا واسطہ نہیں۔ اسلام آباد میں تکفیریوں کے مسلسل اجتماعات اور اُن میں برسراقتدار جماعت کے اراکین کی شرکت پر امن پسند حلقوں کو سخت تشویش ہے۔

میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے ہزاروں بے گناہوں کے قاتلوں کو معافی دینے کا عندیہ شرعی، قانونی، سیاسی پہلوﺅں سمیت کسی بھی لحاظ سے درست نہیں۔ یہ سنگین اقدام نہ صرف نیشنل ایکشن پلان کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی، شہداء کے وارثوں کے زخموں پر نمک پاشی اور امن و امان کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ علامہ مرید نقوی نے نشاندہی کی کہ بغیر کسی عدالتی کارروائی کے شہریوں کی ایک بڑی تعداد کا تاحال لاپتہ ہونا ایک سوالیہ نشان ہے جسے حکمرانوں کی حالیہ پیشکش نے مزید تشویشناک بنا دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 958387

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/958387/ہزاروں-شہریوں-کے-قاتلوں-کو-معافی-دینا-نیشنل-ایکشن-پلان-کی-خلاف-ورزی-ہے-علامہ-مرید-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org