0
Tuesday 12 Oct 2021 23:54

کراچی میں نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

کراچی میں نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین نادرا طارق ملک نے شہر قائد میں نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے آج کراچی میں میگا سینٹر نارتھ ناظم آباد، میگا سینٹر سیمنز چورنگی، عوامی مرکز، لیاقت آباد اور کلفٹن کے نادرا رجسٹریشن سینٹرز کے آپریشنل، انتظامی اور ہیومن ریسورس سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

چیئرمین نادرا نے شہریوں کو نادرا خدمات کی فراہمی آسان اور باسہولت بنانے اور درپیش مسائل کے فوری ازالے کے لئے متعدد اہم فیصلے کئے اور بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے نادرا دفاتر کے باہر سرگرم ایجنٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کے لئے پولیس اور ایف آئی اے سے رجوع کرنے کے احکامات جاری کئے اور کراچی میں عملے کی شکایت دور کرنے کے لئے ایچ آر ڈائریکٹوریٹ کو 50 ڈیٹا انٹری آپریٹرز، 15 ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹرز بھرتی کی ہدایت کی۔

چیئرمین نادرا نے موبائل رجسٹریشن وین کو شام کے وقت بھی تعینات کرنے کی ہدایت جاری کی، نیز کراچی میں میگا سینٹرز پر عام شہریوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے وراثتی سرٹیفکیٹ کا الگ نیا میگا سینٹر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ لوگوں کو کسی پریشانی یا لمبی قطاروں میں انتظار کا سامنا کئے بغیر اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی ہماری اوّلین ترجیح ہے۔
خبر کا کوڈ : 958422
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش