QR CodeQR Code

پاک چین سرحد خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنےگی

1 Sep 2011 14:49

اسلام ٹائمز:چائنہ یورویشیا اکنامک ڈویلپمنٹ اینڈ کوآپریشن فورم سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی صدر کا کہنا تھا کہ ایکسپو براعظموں کے درمیان روابط بڑھانے کیلئے اقتصادی پُل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی اقتصادی صورتحال کے تناظر میں چین کی طرف سے ایکسپو کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔


ارمچی:اسلام ٹائمز۔ جمعرات کو چین کے مغربی خطے شن جیانگ میں چین یورو ایشیا نمائش کا آغاز ہوا جس کا مقصد خطے میں سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ صوبائی دارالحکومت اُرمچی میں ہونے والی اس نمائش میں صدر آصف علی زرداری نے بھی شرکت کی اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ پاک چین سرحد خطے میں جلد سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنے گی جو چین کو وسطی و جنوبی ایشیا کے علاوہ یورپ سے بھی جوڑے گی۔
صدر نے کہا کہ شن جیانگ کا قراقرم ہائی وے کے ذریعے پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان سے زمینی رابطہ موجود ہے اور پاکستان چاہتا ہے کہ فضائی اور ریل کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان مواصلاتی رابطوں کو فروغ دیا جائے۔ صدر زرداری نے شن جیانگ کی مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات میں اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا اور اُنھوں نے چین کو اس سلسلے میں پاکستان کے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
پاکستان سے ملحقہ چین کے خود مختار علاقے شن جیانگ میں جولائی کے اواخر میں ہونے والے تشدد کے واقعات کے بعد چینی میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ ان حملوں میں ملوث مشرقی ترکستان اسلامی موومنٹ کے شدت پسندوں نے عسکری تربیت مبینہ طور پر پاکستان میں حاصل کی۔ تاہم پاکستانی حکام نے ان الزامات کی تردید کی ہے جب کہ چینی رہنماوٴں نے بھی مشرقی ترکستان اسلامی موومنٹ کے خلاف کارروائی میں پاکستان کے تعاون کا اعتراف کیا ہے۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ شن جیانگ میں بین الاقوامی تجارتی نمائش کو عسکریت پسندوں کی جانب سے سبوتاژ کرنے کے منصوبوں کو بھی ناکام بنایا گیا ہے اور حکام نے مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔ لیکن دہشت گردی کے مبینہ منصوبوں اور ان کے ممکنہ اہداف کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
صدر زرداری نے شن جیانگ میں چین یورو ایشیا ء نمائش سے خطاب میں کہا کہ غربت اور اقتصادی عدم مساوات کا دہشت گردی سے قریبی تعلق ہے اور پاکستان کو اس بات کا مکمل ادارک ہے اس لیے یہ کوشش کی جارہی ہے کہ معاشی ترقی سے اس مسئلے پر قابو پایا جاسکے۔ اُنھوں نے نمائش کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ بطور ذمہ دار ممالک کے یہ سب کی ذمہ داری ہے کہ یکجا ہو کر ان چیلنجوں سے نمٹنا جائے۔
چین یورو ایشیا نمائش میں شرکت کے بعد صدر آصف علی زرداری جمعرات کو تاجکستان پہنچے جہاں وہ جمعہ سے دوشنبے میں سکیورٹی اور انسداد منشیات کے موضوع پر پاکستان، افغانستان، تاجکستان اور روس کے چار ملکی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 95848

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/95848/پاک-چین-سرحد-خطے-میں-اقتصادی-سرگرمیوں-کا-مرکز-بنےگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org