0
Wednesday 13 Oct 2021 19:11

فیصل آباد، بچوں کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے والا ملزم گرفتار

فیصل آباد، بچوں کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے والا ملزم گرفتار
اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور چائلڈ پورنوگرافی میں ملوث شہری کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد رضوان نے کہا کہ فیصل آباد کی سرفراز کالونی سے کم عمر بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم شاہد اقبال کو انٹرپول کی نشان دہی پر گرفتار کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ ملزم شاہد اقبال پاکستانی بچوں سے زیادتی کی ویڈیوز بنانے اور ان کو پھیلانے میں ملوث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے موبائل فون سے ملنے والی بچوں کی ویڈیوز اور تصاویر کی مدد سے دو متاثرہ بچوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ ایف آئی اے نے رواں برس فروری میں بھی اٹلی سے انٹرپول کی اطلاع پر بین الاقوامی چائلڈ پورنوگرافی سے رابطے کے شبہے میں دو افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔ ایف آئی اے کے اعلیٰ عہدیدار محمد اقبال نے بتایا تھا کہ یہ پہلا موقع تھا جب انٹرپول نے پاکستان میں چائلڈ پورنوگرافی سے متعلق کسی مجرمانہ آپریشن کی موجودگی کے بارے میں پاکستان کو معلومات فراہم کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپیوٹر سے حاصل کردہ مواد سے ظاہر ہوا ہے مبینہ طور پر ان افراد میں سے ایک کا تعلق 'کسی بین الاقوامی گروہ سے تھا اور ڈارک ویب پر چائلڈ پورنوگرافی کی ویڈیو پوسٹ کرتا تھا۔ واضح رہے کہ ڈارک ویب سائٹس سرچ انجنز میں بظاہر نظر نہیں آتیں اور اس کے لیے مخصوص سافٹ ویئر کی ضرورت ہوتی ہے۔ گزشتہ برس اگست میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تحفظ اطفال کو بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں پورنوگرافی کے کیسز سب سے زیادہ رواں سال کے دوران رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 958551
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش