0
Thursday 1 Sep 2011 16:22

جدہ سے آنیوالی پروازیں کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار، 132 پاکستانی 3 دن سے جدہ ایئرپورٹ پر بے یارو مددگار

جدہ سے آنیوالی پروازیں کئی گھنٹوں کی تاخیر کا شکار، 132 پاکستانی 3 دن سے جدہ ایئرپورٹ پر بے یارو مددگار
جدہ:اسلام ٹائمز۔ عمرہ ادا کر کے وطن واپس آنے والے ایک سو بتیس پاکستانی جدہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ کنفرم ٹکٹ ہونے کے باوجود انہیں جہاز میں سوار ہونے نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے وہ اس سال عید اپنے گھر والوں کے ساتھ منانے سے محروم ہو گئے ہیں۔ متاثر ہونے والوں میں بوڑھے، بچے اور خواتین سب شامل ہیں اور وہ سب اس وقت سخت مشکل میں ہیں۔ مسافروں کی اٹھائیس اگست کی سیٹیں کنفرم تھیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ اب تک نہیں بتایا گیا کہ انھیں کب واپس بھیجا جائے گا، اور وہ عمرہ ادا کرنے کے بعد اب اللہ کے آسرے پر وہاں بیٹھے ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستانی قونصل خانے سے بات کی لیکن انہوں نے بھی کوئی تعاون نہیں کیا۔
جبکہ ذرائع کے مطابق اصلی وجہ پروازوں میں تاخیر ہے۔ ٹرینوں کے بعد اب پروازیں بھی لیٹ ہونے لگیں اور جدہ سے آنے والی پروازوں کی تاخیر سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سعودی عرب سے پاکستان آنے والی پی آئی اے سمیت نجی ائیرلائن کی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق جدہ سے کراچی اور اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پروازیں دس سے بارہ، جبکہ ایک نجی ائیرلائن کی پرواز چودہ گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین کے رش میں اضافے سے پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ پی آئی اے کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پروازوں کی تاخیر کا سلسلہ ایک ہفتہ تک جاری رہے گا۔ 
خبر کا کوڈ : 95857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش