QR CodeQR Code

افغانستان کو غیرمستحکم کرنے والی سازشوں کا پاکستان کو حصہ نہیں بننا چاہیے، لیاقت بلوچ 

13 Oct 2021 22:36

لاہور میں وفود سے ملاقات میں جماعت اسلامی کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ حکومت امریکہ، یورپ کے دباو سے باہر نکلے اور خطہ کی بدلتی صورت حال میں آزادانہ انداز اور مستحکم فیصلے کرے، حکومت بلاتاخیر افغان عوام کی فتح اور حکومت کو تسلیم کرے، حکومت انتظار، ڈر اور خوف کی وجہ سے کمزور موقف کے ساتھ وقت ضائع کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے لاہور میں علما، سماجی رہنماں اور جے آئی یوتھ کے وفود سے ملاقات میں کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نااہلی اور غیرذمہ دارانہ رویوں سے قومی معیشت کو زوال پذیر کر چکی ہے۔ بے روزگاری، مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقہ کے گھروں میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ ڈالر مہنگا اور موت سستی ہو گئی ہے۔ عوام کی قوت خرید آمدن مسلسل کم ہونے کی وجہ سے ختم ہو رہی ہے اور قرضوں کا بوجھ قومی معیشت کے لئے تباہی کا باعث بن گیا ہے۔ حکومتی نااہلی اور بدانتظامی کی وجہ سے عمران سرکار کے عرصہ اقتدار میں دو کروڑ 7 لاکھ سے زائد لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں۔ روپے کی قدر میں تیزرفتار کمی، بے روزگاری میں برق رفتار اضافہ اور زراعت کے مہنگے مدخل، ناقص پالیسی کی وجہ سے زراعت مستحکم نہیں۔ صنعت کار کسانوں کو لوٹ رہے ہیں۔ حکومت کرپٹ مافیا کی سرپرست بن گئی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ چیئرمین نیب کی تقرری، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبران کی تقرری، ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری، پانی کے معاہدہ پر عملدرآمد، این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کو بروقت ادائیگی کے حوالوں سے عمران خان انتہائی ناکام، بے تدبیر اور نااہل لیڈر ثابت ہوئے ہیں۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل کو پوری قوم نے مسترد کر دیا لیکن حکومت اپنی ڈھٹائی پر قائم ہے۔ اسلامی عنوانات پر نئے نئے اعلانات کا شوق پورا کیا جا رہا ہے لیکن آئین کے رہنما اصولوں اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کے مطابق ملک کو ریاست مدینہ کا نظام نہیں دیا جا رہا۔ اسلام کے نام پر دھوکا بازی حکومت کو لے ڈوبے گی۔

لیاقت بلوچ نے کا کہ حکومت امریکہ، یورپ کے دباو سے باہر نکلے اور خطہ کی بدلتی صورت حال میں آزادانہ انداز اور مستحکم فیصلے کرے، افغانستان کو غیرمستحکم کرنے والی سازشوں کا پاکستان کو حصہ نہیں بننا چاہیے۔ حکومت بلاتاخیر افغان عوام کی فتح اور حکومت کو تسلیم کرے، حکومت انتظار، ڈر اور خوف کی وجہ سے کمزور موقف کے ساتھ وقت ضائع کر رہی ہے۔ افغانستان میں امن ہوگا تو پورا خطہ پرامن ہوگا۔ افغان بارڈر پر حکومت عوام کی مشکلات کے خاتمہ کے لیے فوری اقدامات کرے۔
 


خبر کا کوڈ: 958577

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/958577/افغانستان-کو-غیرمستحکم-کرنے-والی-سازشوں-کا-پاکستان-حصہ-نہیں-بننا-چاہیے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org