0
Wednesday 13 Oct 2021 23:04

پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صدر سید جعفر شاہ مرحوم کی پہلی برسی منائی گئی

پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صدر سید جعفر شاہ مرحوم کی پہلی برسی منائی گئی
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف گلگت بلتستان کے صدر سید جعفر شاہ مرحوم کی پہلی برسی منائی گئی۔ گلگت میں مرکزی تقریب پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں ہوئی، جس میں صوبائی وزرا، مقامی رہنما اور کارکنوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ مقررین نے سید جعفر شاہ کی سیاسی و قومی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر پلاننگ و اطلاعات فتح اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید جعفر شاہ سیاست کی لائبریری تھے، وہ کان کے کچے نہیں تھے، سیدھی بات کرتے تھے، ہم نے ان سے یہی سیکھا ہے کہ جو کچھ کہنا ہے منہ پر بات کی جائے، پیٹھ پیچھے نہیں۔ سینئر وزیر راجہ ذکریا نے کہا کہ سید جعفر شاہ عظیم لیڈر تھے، ان کے ساتھ بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ مشیر قانون و سید جعفر شاہ کے فرزند سہیل عباس شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب والد مرحوم کا جسد خاکی چلاس پہنچا تو لوگوں کا جم غفیر دیکھ کر معلوم ہوا کہ میرے والد لوگوں کے دلوں میں رہتے تھے، یہ قوم اپنے محسنوں کو کبھی نہیں بھولے گی۔

سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ عبید اللہ بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید جعفر شاہ جی بی گورننس آرڈر اور ڈرافٹ کے خالق تھے۔ گلگت بلتستان کو آئینی حیثیت دینے میں سید جعفر شاہ کا کردار انتہائی اہم تھا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے محسنوں کو نہ بھلائیں، ان کو یاد رکھیں اور ان کے ویژن کو آگے لے کر بڑھیں۔ سید شمس الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید جعفر شاہ نے جو مشن چھوڑا ہے اسے آگے بڑھایا جائے، انفراسٹرکچر، روڈ، سڑکیں تو سب بناتے ہیں لیکن سید جعفر شاہ نے لوگوں کے ذہنوں کو بنایا، انہیں شعور دیا۔ سابق رکن اسمبلی راجہ جہانزیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید جعفر شاہ ایک عظیم اور ویژن والے لیڈر تھے۔ وہ کسی کے سامنے بات کرنے سے جھجکتے نہیں تھے۔ انہوں نے پارٹی کو منظم کیا۔ پی ٹی آئی رہنما صابر حسین نے کہا کہ جی بی کے آئینی سیٹ اپ اور مسودہ کا خالق سید جعفر شاہ تھے، پی پی دور میں سید جعفر شاہ نے مسودہ بنا کر دیا تھا، اسی مسودے پر کچی پنسل چلا کر بعد میں پیپلزپارٹی نے نیم صوبائی سیٹ اپ دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پی پی اور نون لیگ کی مقامی قیادت آئینی صوبے کی راہ میں رکاوٹ بنی تھی، آج بھی یہ لوگ مرکزی قیادت کو مس گائیڈ کر رہے ہیں۔ ہمیں سید جعفر شاہ کے ویژن پر چلنے اور اسے آگے لے کر جانے کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما الیاس خان نے کہا کہ میں سید جعفر شاہ کو واحد لیڈر مانتا ہوں۔ جوہر علی ایڈووکیٹ کی وفات کے بعد جی بی میں قیادت کا خلا پیدا ہوا تھا جسے سید جعفر شاہ نے ہی پر کیا۔ تحریک انصاف کے رہنما پروفیسر اجمل حسین نے کہا کہ سید جعفر شاہ جیسے لوگ بہت کم پیدا ہوتے ہیں۔ سید جعفر شاہ ایک فکر اور نظریے کا نام تھا۔ جوہر علی نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان میں کسی بڑے ادارے، یا بڑی شاہراہ کو سید جعفر شاہ کے نام سے منسوب کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 958587
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش