0
Wednesday 13 Oct 2021 23:45

سندھ حکومت گندم ریلیز نہیں کررہی، آٹا مہنگا ملے تو وزیراعظم کو نہ کوسیں، گورنر سندھ

سندھ حکومت گندم ریلیز نہیں کررہی، آٹا مہنگا ملے تو وزیراعظم کو نہ کوسیں، گورنر سندھ
اسلام ٹائمز۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ کےعوام کو آٹا مہنگا مل رہا ہے جس کی ذمہ دار سندھ حکومت ‏ہے، صوبائی حکومت گندم ریلیز نہیں کررہی، آٹا مہنگا ملے تو وزیراعظم کو نہ کوسیں۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وفاق پر الزام ڈال رہے ہیں کہ مہنگائی وہاں سے ہو رہی ہے، ‏اسٹاک یہاں رکھا ہوا ہے اور الزام وفاق پر لگا رہے ہیں، سندھ حکومت نومبر سے پہلے گندم ریلیز نہیں کرے گی تو ‏آٹا 80 روپےکلو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو آٹا نہیں ملےگا تو یہ سندھ کے ساتھ زیادتی ہوگی، وفاق سے مخاطب ہوں کہ وہ سندھ پر ‏دباؤ ڈالیں، سندھ کے عوام کو آٹا مہنگا مل رہا ہے، ذمہ دار سندھ حکومت ہے، بلوچستان میں بھی آٹا مہنگے ہونے ‏کا اثر پڑتا ہے، سندھ حکومت سے درخواست ہے گندم فوری ریلیز کی جائے۔ گورنر نے کہا کہ دنیا میں چیزیں مہنگی ہوئیں تو حکومت پاکستان سبسڈی دے رہی ہے، سندھ میں گندم ریلیز نہ ‏کرکے منافع خوروں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کل ہی وزیراعظم عمران خان سے ملا ہوں، وزیراعظم اور پاک فوج میں کسی قسم کا تنازع ‏نہیں، یہ معمول کے معاملات ہیں افہام و تفہیم سے حل ہورہے ہیں، اداروں اور حکومت کو معاملات حل کرنے کیلئے ‏وقت درکار ہے، پہلی بار ہوا ہے کہ ادارے اور حکومت ایک پیج پر نظر آئے ہیں، ہم ایک پیج پر رہے ہیں اور ایک پیج ‏پر ہی قائم ہیں۔ گورنر نے کہا کہ تقرریاں و تبادلے صلاح مشورے کے ساتھ ہوتے ہیں، وزیراعظم ملک کے چیف ایگزیکٹو ہیں انکا ‏اختیار ہے نہ ادارےحکومت پاکستان کو نہ حکومت اداروں کو نیچا دکھانا چاہتے ہیں۔ ‏ان کا مزید کہنا تھا کہ گرین لائن کی 40 بسیں آچکی باقی 40 بسوں کا جہاز کل آرہا ہے، ایسی معیاری بسیں پاکستان ‏تو کیا یورپ میں بھی نہیں ملیں گی، ان بسوں کے ڈرائیورز کی ٹریننگ چل رہی ہیں، بسوں کے ڈرائیورز لاہور سے ‏ٹریننگ کررہےہیں، اللہ نے چاہا تو ایک ماہ میں گرین لائن کا افتتاح ہوجائے گا۔
خبر کا کوڈ : 958599
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش