0
Wednesday 13 Oct 2021 23:53

پاراچنار میں پیپلزپارٹی کا مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

پاراچنار میں پیپلزپارٹی کا مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کرم کی جانب سے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں پارٹی رہنماؤں اور جیالوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی ضلع کرم کے صدر جلال بنگش، تحصیل صدر حشمت بنگش، جنرل سیکٹری حاجی جمیل حسین، حاجی رؤف حسین، تنویر حسین، رمضان علی پراچہ، حاجی کمال حسین، سید رضا حسین اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویداروں نے ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے اور آج بدترین مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے، غریب عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی ناممکن بنا دیا گیا ہے، تبدیلی سرکار کی غلط اور ناکام پالیسیوں کے باعث عوام خود کشیوں پر مجبور ہوگئے ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ کنٹینر پر چڑھ کے عوام کا خیر خواہ بننے والے نے آج اقتدار میں آکر عوام کو بھوک سے مارنے کا عزم کیا ہوا ہے، رہنماؤں نے وزیر اعظم عمران خان کے پختونوں کے خلاف حالیہ بیان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جن پختونوں نے عمران خان کو اقتدار تک پہنچایا، عمران خان نے انہیں دہشت گرد کا خطاب دیا جو کہ قابل افسوس اور مذمت ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ اگر حکومت نے مہنگائی کا سلسلہ ختم نہ کیا اور عوام کیساتھ ظلم زیادتی بند نہ کی تو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 958601
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش