0
Thursday 1 Sep 2011 16:31

خطے میں اسلامی بیداری کی تحریک مسلمانوں کا اپنے حقیقی اسلامی تشخص کی طرف لوٹنے کا آغاز ہے، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای

خطے میں اسلامی بیداری کی تحریک مسلمانوں کا اپنے حقیقی اسلامی تشخص کی طرف لوٹنے کا آغاز ہے، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کل عید سعید فطر کے موقع پر ملک بھر سے آئے عقیدت مندوں کے عظیم اجتماع میں خطاب کرتے ہوئے مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں رونما ہونے والی اسلامی بیداری کی تحریکوں کو مسلمانوں کی اپنے حقیقی اسلامی تشخص کی جانب مراجعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کی عظمت اور شان و شوکت اسلام کی طاقت کی جانب پلٹنے، خداوند متعال پر توکل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے میں پوشیدہ ہے۔
قائد انقلاب اسلامی ایران نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ خطے میں اسلامی بیداری کی تحریک اور عوام کا اپنی تقدیر اپنے ہاتھ میں لینے کیلئے میدان عمل میں آنا اسلامی تاریخ کا انتہائی سنہری باب ہے کہا:
"جو واقعات آج مصر، تیونس، یمن، لیبیا، بحرین اور بعض دوسرے ممالک میں انجام پا رہے ہیں مسلمان اقوام کیلئے انتہائی اہم اور انکا مقدر بنانے والے ہیں"۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تاکید کی کہ اگر مسلمان اقوام اپنے ممالک میں بیرونی مداخلت کرنے والی قوتوں کو شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں تو اسلامی ممالک ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائیں گے۔
ولی امر مسلمین جہان نے خبردار کیا کہ اگر استکبار جہانی اور عالمی صہیونیزم خاص طور پر امریکہ کی مستکبر اور ظالم حکومت خطے میں رونما ہونے والی اسلامی بیداری کی تحریک کو اپنے کنٹرول میں لینے میں کامیاب ہو گئی تو عالم اسلام کئی عشروں تک انتہائی سنگین مشکلات کا شکار ہو جائے گا۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ امت مسلمہ مخصوصا مسلم ممالک کے سیاسی رہنماوں اور دانشوروں کا شرعی وظیفہ بنتا ہے کہ وہ اسلامی بیداری کی تحریک کو استکباری قوتوں کے قبضے سے محفوظ رکھنے کیلئے موثر اقدامات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلم ممالک اور اقوام کو بڑی آزمائش درپیش ہے کیونکہ مسلمان اقوام اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو پہچان چکی ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر نے گذشتہ تیس سالوں میں ملت ایران کی استقامت اور پائداری کو سراہتے ہوئے اسے باقی مسلمان اقوام کیلئے نمونہ قرار دیا اور کہا کہ ایرانی قوم کی تیس سالہ ثابت قدمی کے نتائج ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تیس سالوں میں مسلسل کئی نسلوں نے ایک ہی مقصد اور محرک کے تحت عالمی استکباری قوتوں کے دباو جیسے اقتصادی پابندیوں، فوجی حملے کی دھمکیوں اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے جسکے نتیجے میں آج ایرانی قوم عزتمند، طاقتور، ترقی کی راہ پر گامزن اور روشن مستقبل کی حامل ہو چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 95861
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش