0
Thursday 14 Oct 2021 00:24
ایرانی چیف آف جنرل سٹاف کی جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹر میں آمد

دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، جنرل باقری

پاکستان اور ایران کا قومی اور عالمی معاملات پر یکساں موقف ہے، آئی ایس پی آر
دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، جنرل باقری
اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی، جہاں ان کے ساتھ ایران کے اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ ایرانی وفد نے شہدائے پاکستان کے لیے دعا کی اور یادگار شہداء پر پھول چڑھائے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں افغانستان کی صورت حال، علاقائی سکیورٹی اور بارڈر منیجمنٹ خصوصاً پاک-ایران سرحد پر باڑ سمیت دیگر مسائل زیر بحث آئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دونوں فوجی سربراہان نے خطے کے لیے امن جبکہ دہشت گردی کا بھرپور جواب دینے کے لیے مل کر کام کرنے اور دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر ملک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیاب قریبی تعلق خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایرانی وفد کو پاک فوج کی دوست ممالک کے ساتھ تربیتی مشقوں سمیت دیگر سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف نے دونوں ممالک کے افواج کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور خاص طور پر انسداد دہشت گردی اور تریبتی حوالے سے تعاون کی خواہش ظاہر کی۔

ادھر اسلامی جمہوریہ ایران کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی افواج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے چیف آف جنرل سٹاف نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف کی آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا سے ایرانی چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خطے کی افغانستان کے تناظر میں صورت حال اور انسداد دہشت گردی امور پر گفتگو کی گئی جبکہ باہمی فوجی رابطوں کو مزید فروغ اور وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے مشترکہ سرحدوں کو دوستی اور امن کی سرحد قرار دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر میجر جنرل محمد باقری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں قابل قدر ہیں، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی افواج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ ایرانی چیف کےدورے سے دفاعی تعاون کا نیا باب شروع ہو گا، دونوں ممالک کا قومی اور عالمی معاملات پر یکساں مؤقف ہے، دونوں ممالک میں فوجی، اسٹریٹیجک تعاون کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 958610
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش