QR CodeQR Code

امریکہ کیساتھ ماضی جیسے تعلقات نہیں ہو سکتے، ڈاکٹر اسد مجید

14 Oct 2021 11:02

امریکہ میں پاکستان کے سفیر کا ایک انٹرویو میں کہنا ہے کہ اب شائد امریکہ سے ہمارے تعلقات ویسے نہ ہو سکیں جیسے کسی زمانے میں ہوتے تھے۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ سے ماضی جیسے تعلقات کی امید لگانا حقیقت پسندی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین سے ہمارے، دیرینہ، گہرے اور مضبوط تعلقات ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاک امریکہ تعلقات اس نہج پر جا چکے ہیں جہاں اب واپسی ناممکن دکھائی دے رہی ہے۔ امریکہ کی نائب وزیر خارجہ نے بھی دورہ پاکستان کے موقع پر اپنے رویے سے واضح کیا کہ وہ پاکستان کو مزید لفٹ کروانے کے موڈ میں نہیں اور انہوں نے دہلی میں صحافیوں سے گفتگو میں بھی اپنا سٹیٹس واضح کر دیا کہ پاکستان کیساتھ صرف افغان ایشو پر بات ہوگی، اب پاکستان کیساتھ ماضی جیسے تعلقات نہیں رکھیں گے۔ اب امریکہ میں پاکستان کے سفیر نے بھی امریکہ کی پالیسی سے پردہ چاک کر دیا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں امریکہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید اکبر نے کہا ہے کہ اب شائد امریکہ سے ہمارے تعلقات ویسے نہ ہو سکیں جیسے کسی زمانے میں ہوتے تھے۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ سے ماضی جیسے تعلقات کی اُمید لگانا حقیقت پسندی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین سے ہمارے، دیرینہ، گہرے اور مضبوط تعلقات ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ امریکہ اور چین کیساتھ متوازی تعلقات رکھ سکیں۔ دوسری جانب مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اب اپنی خارجہ پالیسی سے امریکہ کو مائنس کر دینا چاہیے، پاکستان کی سلامتی کیلئے ضروری ہے کہ امریکہ کی بجائے روس، چین، ترکی اور ایران کیساتھ تعلقات بنائے جائیں اور اس بلاک کی مضبوط کیا جائے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر مذکورہ بلاک مضبوط ہوتا ہے تو خطے سے انڈیا کی تھانیداری کا خواب بھی چکنا چور ہو جائے گا اور مشرق وسطیٰ سمیت دیگر علاقوں میں بھی امن قائم ہوگا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ایران کی کامیاب خارجہ پالیسی سے امریکہ کا خطے سے انخلاء ممکن ہوا، جس طرح ایران نے امریکہ کو خطے سے نکلنے پر مجبور کیا ہے، اسی طرح پاکستان بھی امریکہ کو پاکستان سے نکلنے پر مجبور کر دے تو پاکستان میں ترقی میں تیزی آ سکتی ہے اور پاکستان کی معیشت کا گراف بھی بلند ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 958636

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/958636/امریکہ-کیساتھ-ماضی-جیسے-تعلقات-نہیں-ہو-سکتے-ڈاکٹر-اسد-مجید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org