QR CodeQR Code

کراچی میں جشن عید میلادالنبیؐ کا مرکزی جلوس 12 ربیع الاول کو بولٹن مارکیٹ سے نکلے گا

14 Oct 2021 19:05

پریس بریفنگ میں علامہ شاہ عبدالحق قادری نے کہا کہ شمع رسالتؐ کے پروانے پورے جوش و خروش اور عقیدت و محبت سے جشن ولادت خاتم النبیینؐ منانے کا اہتمام کریں، گھروں اور دفتروں پر چراغاں کریں، مساجد کو بقعہ نور بنائیں، میلادالنبیؐ کے پرچم کے ساتھ قومی پرچم بھی اپنے گھروں اور دفاتر پر لہرائیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ عبدالحق قادری نے کراچی پریس کلب میں پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ شہر کراچی میں مرکزی جلوس میلاد النبیؐ بروز منگل 12 ربیع الاول 19 اکتوبر کو 3 بجے سہ پہر بولٹن مارکیٹ سے علماء و مشائخ کی قیادت میں برآمد ہوگا، جو ایم اے جناح روڈ کے راستے نشتر پارک پہنچے گا، جہاں عظیم الشان میلاد مصطفیٰ کانفرنس سے علماءکرام و قائدین اہلسنّت خطاب کرینگے۔ شاہ عبدالحق قادری نے کہا کہ شمع رسالتؐ کے پروانے پورے جوش و خروش اور عقیدت و محبت سے جشن ولادت خاتم النبیینؐ منانے کا اہتمام کریں، گھروں اور دفتروں پر چراغاں کریں، مساجد کو بقعہ نور بنائیں، میلادالنبیؐ کے پرچم کے ساتھ قومی پرچم بھی اپنے گھروں اور دفاتر پر لہرائیں۔

شاہ عبدالحق قادری نے کہا کہ عاشقان مصطفیٰ ﷺ ماہ ربیع الاول میں ہر قسم کے خطرات کی موجودگی اور نشتر پارک بم دھماکے کے دردناک سانحہ کے باوجود جس جوش و جذبے سے محافل اور جلوس میں شریک ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر حسب سابق صبح سے لیکر رات گئے تک کراچی کے تمام اضلاع سے جلوس برآمد ہوں گے، جلوس اور جلسے کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جبکہ جماعت اہلسنّت کراچی نے نشتر پارک کے جلسہ اور عید میلادالنبیؐ کے مرکزی جلو س اور کراچی کے تمام اضلاع سے جلوس نکالنے کا مشترکہ اجازت نامہ حاصل کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ربیع الاول میں عشرہ رحمت للعالمین منانے کا اعلان خوش آئند ہے، اس کے اثرات بھی نظر آنے چاہئیے۔


خبر کا کوڈ: 958724

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/958724/کراچی-میں-جشن-عید-میلادالنبی-کا-مرکزی-جلوس-12-ربیع-الاول-کو-بولٹن-مارکیٹ-سے-نکلے-گا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org