0
Thursday 14 Oct 2021 23:18

پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم نے حکومت کو ہر معاملے میں سپورٹ کیا، سراج الحق 

پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم نے حکومت کو ہر معاملے میں سپورٹ کیا، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا سونامی ہر شعبے میں تباہی پھیلا رہا ہے۔ حکومت نے 60ماہ کی مدت اقتدار میں سے 38ماہ گزار لیے، نہ کوئی تبدیلی آئی ہے نہ ریاست مدینہ کی جانب ایک قدم اٹھایا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کشکول توڑنے کا کہا مگر دونوں ہاتھوں میں لیے گھوم رہے ہیں۔ ان حکمرانوں کے ہوتے ہوئے خودانحصاری کی منزل حاصل نہیں کی جا سکتی۔ پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم نے حکومت کو ہر معاملے میں سپورٹ کیا۔ حکمران اشرافیہ ایک ہے اور سب کے مفادات مشترک ہیں، عوام اور حکمران اشرافیہ کے مفادات میں واضح ٹکراو ہے، کرسی اقتدار پر بیٹھے لوگ ویژن اور اہلیت سے عاری ہیں، سوا تین سالوں میں کرپشن کی روک تھام اور صحت و تعلیم کی بہتری پر توجہ نہیں دی گئی۔ حکومت نے سارا زور پہلے سے کمزور اداروں اور معیشت کو مزید کمزور کرنے میں لگایا۔ لوگ مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں، بے روزگاری کا سونامی خوفناک شکل اختیار کر چکا ہے، آج تک جتنے آئی ایم ایف کے پروگرام آئے سب تباہی لائے۔ وزیراعظم نے جو بھی دعوے اور وعدے کیے ایک بھی پورا نہیں کیا۔ بحرانوں کے حل کے لیے صاف شفاف انتخابات ضروری ہیں۔ پی ٹی آئی کی انتخابی ریفارمز سے مزید سیاسی بحران آئے گا، الیکشن اصلاحات کے لیے سبھی جماعتوں کو مل بیٹھ کر کام کرنا ہوگا۔ سیاسی جماعتیں اپنے اندر بھی جمہوریت لائیں۔

 ان خیالات کا اظہار انھوں نے سرگودھا میں جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق ایم این اے جاوید چیمہ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم اور مرکزی صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر احمد گوندل نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سابقہ حکومتوں کے نقش قدم کی پیروی کی اور سٹیٹس کو کو مزید سہارا دیا۔ وزیراعظم نے ملک کو مدینہ کی ریاست کا کہہ کر تمام کام اس کے برعکس کیے۔ ملک مکمل طور پر آئی ایم ایف کے شکنجے میں ہے، سودی معیشت نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔ قوم کا بال بال قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، حکمران عیاشیاں کرتے ہیں اور قوم ان کا لیا گیا قرض سود سمیت واپس کرتی ہے۔ 73برسوں سے یہ تماشا جاری ہے، پاکستان کو اسلامی جمہوری انقلاب کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی ملک کی عدالتوں میں قرآن و سنت کا نظام چاہتی ہے۔ آئین و جمہوریت کو قرآن کے تابع کرنا چاہتے ہیں۔ تعلیم کو اسلامی اور نظریاتی بنانا ہمارا مقصد ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 958757
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش