0
Friday 15 Oct 2021 21:12

حکومت اس قابل ہی نہیں پاکستان کو ریاست مدینہ بنا سکے، سراج الحق

حکومت اس قابل ہی نہیں پاکستان کو ریاست مدینہ بنا سکے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر 35 سال آمروں نے حکومت کی، سٹیٹس کو بحال رکھنے کیلئے حکمران اشرافیہ ہمیشہ ایک پیج پر ہوتی ہے، جس ملک کی خاطر کروڑوں اسلامیانِ برصغیر نے قربانیاں دیں وہاں ظالمانہ نظام نافذ ہے، مغل شہزادوں سے نجات کا وقت آ گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قوم کے تین سال ضائع کیے، پارلیمنٹ میں ایک قانون بھی عوام کیلئے نہیں بنا، معیشت کی تباہی کے بعد ملک کی نظریاتی اساس سے کھیلا جا رہا ہے، بجلی کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی یونٹ اضافہ ظلم ہے، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے حکم پر بجلی پر سبسڈی عملًا ختم کر دی گئی، ملکی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے، پاکستان کے مسائل کا حل ظالم اشرافیہ اور سٹیٹس کو سے نجات میں ہے، قوم کو اسلامی انقلاب کیلئے جماعت اسلامی کی جمہوری اور پُرامن جدوجہد کا ساتھ دینا ہو گا، نبی رحمتﷺ کا اسوہ پوری انسانیت کو درپیش مسائل کا حل ہے، اسلامیان پاکستان کے دل عشقِ رسولﷺ سے لبریز ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ اب ملک میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کیلئے عملی جدوجہد کا آغاز کیا جائے۔


جامعہ مسجد حنفیہ لبرٹی مارکیٹ گلبرگ لاہور میں ''عشق مصطفیﷺ نظام مصطفی ﷺ'' کے موضوع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پاکستان نعمت خداوندی ہے، عشق رسولﷺ کا تقاضا ہے کہ اس ملک میں رسول پاکﷺ دیا گیا نظام نافذ ہو، گزشتہ سات دہائیوں سے سازش کے ذریعے ملک کو اسلامی نظام سے محروم رکھا گیا، اب ہمیں مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے، پی ٹی آئی حکومت نے مدینہ کی ریاست کا نام لے کر عوام سے جھوٹ بولا، موجودہ حکمرانوں میں اہلیت نہیں کہ ملک کو مدینہ کی ریاست میں تبدیل کر سکیں، جماعت اسلامی مسلسل پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے کوشش کر رہی ہے، ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آزمائے ہوئے جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو مسترد کریں اور جماعت اسلامی کو موقع دیں، ہم قوم سے یہ وعدہ کرتے ہیں کہ اللہ تعالی کی مدد و نصرت سے پاکستان کو حقیقی معنوں میں مدینہ کی ریاست میں تبدیل کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 958878
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش