0
Saturday 16 Oct 2021 10:33

ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا معاملہ ایک ہفتے میں حل ہو جائے گا، شیخ رشید

ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا معاملہ ایک ہفتے میں حل ہو جائے گا، شیخ رشید
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تاخیر کی وجوہات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کی تعیناتی کا معاملہ ایک ہفتے میں حل ہوجائے گا۔ذرائع کے مطابق تاہم وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار سول و عسکری قیادت کے درمیان اتفاق رائے ہو جائے تو آئی ایس آئی کے نئے سربراہ کی تعیناتی معمول کا معاملہ ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک کی سول اور فوجی قیادت کے درمیان معاملہ خوش اسلوبی سے طے پا گیا ہے اور اب اگلے جمعہ سے قبل آئی ایس آئی سربراہ کی تعیناتی ہو جائے گی۔ تاخیر کی وجوہات دریافت کرنے پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ وجوہات جانتے ہیں لیکن اسے عام نہیں کر سکتے کیونکہ صرف وزیر اعظم ہی اس معاملے پر لوگوں کو آگاہ کر سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اس خیال کی تردید کی کہ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے روحانی اور بزرگانہ وجوہات کی بنا پر تاخیر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بالکل مضحکہ خیز بات ہے کہ اس مسئلے کو جان بوجھ کر الہام ہونے کی بنا پر مؤخر کیا گیا، یہ بات بلکل غیر منطقی ہے کہ کوئی جادو کر رہا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں سول اور فوجی قیادت میں کوئی اختلافات نہیں اور دونوں فریقین اپنے فیصلے پر مطمئن ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم کی زیر قیادت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں کسی نے آئی ایس آئی کے موجودہ سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا نام نہیں لیا۔ وفاقی وزیر نے میڈیا رپورٹس اور پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کی تردید کی جس میں کہاگیا تھا کہ پڑوسی ملک افغانستان میں کشیدہ صورتحال کے باعث جنرل فیض مزید کچھ وقت تک عہدے پر برقرار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خفیہ ایجنسی نے افغانستان میں مختلف ممالک کی 42 ایجنسیوں کو شکست دی ہے۔ ان کا مزید کہا کہ فوجی حکام اپنے طریقہ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کاکہنا تھا کہ آئی ایس آئی کے نئے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کا مسئلہ چند دنوں میں حل ہو جائے گا۔ تاہم انہوں نے معاملے پر مزید بیان دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے پر آج کوئی نمایاں پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ انٹر سروس پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے حال ہی میں فوجی اعلیٰ سطحی درجہ بندی میں رد و بدل کیا ہے، آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا تبادلہ پشاور میں بطور کور کمانڈر کیا گیا ہے جبکہ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو آئی ایس آئی چیف مقرر کر رہے ہیں۔ تاہم سول اور فوجی قیادت کے درمیان مسئلہ تعطل کا شکار ہوا کیونکہ وزیراعظم مبینہ طور پر نئی آئی ایس آئی چیف کا تقرر آئین و قانون کے خلاف کرنے سے گریزاں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 958952
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش