0
Saturday 16 Oct 2021 19:56
وزیراعظم دشمنان اسلام کے رکیک حملوں کو مدبرانہ جواب دیتے ہیں، علامہ محمد حسین اکبر

وزیراعظم نوجوانوں کے دلوں میں خوفِ خدا اور عشق رسول دیکھنا چاہتے ہیں، پیر نور الحق قادری

عشرۂ رحمت العالمین کا پیغام عالمی امن پر مبنی ہے، حافظ طاہر اشرفی
وزیراعظم نوجوانوں کے دلوں میں خوفِ خدا اور عشق رسول دیکھنا چاہتے ہیں، پیر نور الحق قادری
اسلام ٹائمز۔ ادارہ منہاج الحسین کے سربراہ معروف مذہبی سکالر و اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن ڈاکٹر علامہ محمد حسین اکبر کی میزبانی میں ادارہ کے جعفری آڈیٹوریم میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت عشرۂ رحمت العالمین کی مناسبت سے رحمت العالمین (ص) کانفرنس کا اہتمام کیا گیا، جس کے مہمانان خصوصی اور مقررین میں قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران محمد رضا ناظری، ڈائریکٹر جنرل خانۂ فرھنگِ ایران جعفر رناس، جمیعت اہلِحدیث کے مرکزی سربراہ رکن اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر سید ضیا اللہ بخاری، خطیب جامع مسجد داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی، مذہبی سکالر علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، معروف ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر اخلاق حسین شمسی، صوبائی سیکرٹری اوقاف نبیل جاوید کے علاوہ وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی شامل تھے، جبکہ مختلف مکاتب فکر کے علما اور طلبا کی کثیر تعداد آڈیٹوریم میں موجود تھی۔

تقریب کا آغاز حمد و نعت سے کیا گیا جبکہ خطبۂ استقبالیہ ڈاکٹر علامہ محمد حسین اکبر نے دیا۔ انہوں نے پیر نور الحق قادری اور دیگر مہمانان گرامی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عشرۂ رحمت العالمین کانفرنس کا یہ انعقاد دراصل دشمنوں کو پیغام ہے کہ ہم سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں مگر اپنے نبئ رحمت صلی اللہ و علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی ہمیں کسی صورت قبول نہیں، دشمن ہمارے نبی (ص) کی ذاتِ بابرکات پر رکیک حملے کرتے ہیں مگر موجودہ حکومت اور وزیر اعظم کا جذبہ لائقِ تحسین ہے کہ جو نہ صرف مدبرانہ جواب دیتے ہیں بلکہ دنیا بھر میں اللہ کے رسول برحق (ص) کی شان بلند کرنے کی سعئ مسلسل کرتے ہیں۔ قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران محمد رضا ناظری نے کلمے اور عشقِ رسول (ص) کو ایران و پاکستان کے مابین مضبوط برادرانہ تعلقات کی وجہ قرار دیتے تمام مسلمانوں کو  ماہِ میلاد النبی کی مبارکباد دی۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ رسولِ معظم (ص) کا فرمانِ عالیشان ہے کہ مسلمان ایک ایسے جسد کی طرح ہیں کہ جس کے کسی حصے میں بھی تکلیف ہو درد سارا جسم محسوس کرتا ہے، ہم نے ریاست مدینہ کا قیام اپنے گھر سے کرنا ہے اور اس کبلئے سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہونا پڑے گا پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی گئی ہے ہمیں باہمی اتحاد کو قائم رکھنے کی ضرورت ہے، تاکہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق مذہبی ہم آہنگی کو ممکن بنائے رکھنا آسان ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عشرۂ رحمت العالمین کا یہی پیغام ہے۔ صدرِ محفل وفاقی وزیر ڈاکٹر پیر نور الحق قادری نے اپنے خطاب کا آغاز رحمت العالمین کانفرنس کا انعقاد کرنے پر منہاج الحسین کے منتظمین اور علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر کو داد اور تحسین پیش کی اور کہا کہ حکومتِ پاکستان پہلی بار امتیازی طور پر میلادالنبی (ص) اور عشرۂ رحمت العالمین منا رہی ہے اور سارے ملک میں اس حوالے سے فکری و روحانی محافل و مجالس کا اہتمام کیا جا رہا ہے، وفاقی کبساتھ ساتھ پنجاب حکومت بھی نہایت مربوط انداز میں ربیع الاول اور میلاد کے ایام مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے تاکہ سیرتِ طیبہ کی روشنی ہر طرف پھیل جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اپنے نبئ رحمت (ص) سے وفا کی تجدید کے دن ہیں، یہ دن مناتے ہوئے ہم دشمنوں کو بتاتے ہیں کہ کوئی ہمیں اپنے نبی (ص) کے درِ پاک سے جدا نہیں کر سکتا، ہمارے نبی (ص) کی ناموس کیخلاف نامناسب حرکات کرنیوالے سن لیں کہ ہمیں اپنے نبی (ص) کے درِ پاک سے کوئی ہٹا نہیں سکتا، پوری کائنات میں ہمارے نبی (ص) کے سوا کوئی اور رول ماڈل نہیں، چنانچہ ہم اپنے نبی (ص) کا نامِ نامی سدا بلند رکھیں گے اور ان کا ذکرِ پاک ہمیشہ جاری و ساری رہے گا، اسوۂ رسول کُل کائنات کیلئے مشعلِ راہ ہے، ہمارے نبی (ص) کی شان ہے کہ بعثت اور اعلانِ نبوت سے قبل بھی وہی صداقت اور امانت کی پہچان تھے۔ وفاقی وزیر نے مذید کہا کہ حکومت پاکستان اور وزیر اعظم بذاتِ خود اس دُھن میں رہتے ہیں کہ ہر حال میں نوجوانوں میں خوفِ خدا اور اپنے نبی (ص)کی شانِ عظیم کا احساس ہمہ وقت اجاگر رہے تاکہ قوم کے بچوں کی بہترین اصلاح اور فکری و روحانی تربیت ہو سکے۔ انہوں نے علامہ اقبال کے فارسی اشعار پڑھتے ہوئے کہا کہ دن منانا اور بات ہے جبکہ دن کو اپنانا بھی اہم ہے اور اُخروی کامیابی کیلئے سیرتِ طیبہ کو اپنانا لازم ہے۔
خبر کا کوڈ : 959018
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش