QR CodeQR Code

پاکستان کی تاریخ میں بین المذاہب ہم آہنگی کی عظیم مثال قائم ہوگئی

گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں محسنِ انسانیت ﷺکانفرنس

پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ امن و محبت سے رہتے ہیں، حسین محی الدین

17 Oct 2021 18:34

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ تمام جہانوں کیلئے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجے گئے۔انہوں نے کہا کہ آج ننکانہ صاحب کی سرزمین پر تاریخ رقم ہو گئی ہے، جنم استھان ننکانہ صاحب میں سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منایا جا رہا ہے، آج ایک نئی تاریخ لکھی گئی ہے جسے زمانہ یاد رکھے گا۔


اسلام ٹائمز۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ سکھ مذہب کے مقدس ترین مقام گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں "محسن انسانیت کانفرنس" کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس  کا اہتمام پنجابی سکھ سنگت اور تحریک منہاج القرآن نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ کانفرنس میں سکھ، مسیحی، ہندو، مسلم رہنماؤں، تحریک منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان اور ملک کی دیگر ممتاز سیاسی، سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ تمام جہانوں کیلئے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجے گئے۔انہوں نے کہا کہ آج ننکانہ صاحب کی سرزمین پر تاریخ رقم ہو گئی ہے، جنم استھان ننکانہ صاحب میں سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منایا جا رہا ہے، آج ایک نئی تاریخ لکھی گئی ہے جسے زمانہ یاد رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے یہی پاکستان کا اصل پُرامن چہرہ ہے، پاکستان میں مسلمان اور دیگر تمام مذاہب کے لوگ امن و محبت کیساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس جگہ تاجدرار کائنات ﷺ کے میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے یہ جگہ بابا گرونانک کی جائے پیدائش (جنم استھان) ہے، اس تقریب کے انعقاد پر سکھ برادری کو مبارکباد دپیش کرتے ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کار خیر کو نظر بد سے بچائے۔ تقریب کے میزبان سردار گوپال سنگھ نے استقبالیہ کلمات میں تمام مسلمانوں کو پیغمبر اسلام حضور نبی اکرم ﷺ کے یوم ولادت کی مبارکباد دیتے ہوئے تقریب میں آنیوالے مہمانوں و شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا اور سردار گوپال سنگھ چاولہ چیئرمین پنجابی سکھ سنگت نے نقابت کے فرائض انجام دیئے۔

تقریب میں سردار امیر سنگھ صدر پاکستان پربندھک کمیٹی، سردا رمیش سنگھ اروڑا ایم پی اے پنجاب، سردار پرتاب سنگھ، سردار جنم سنگھ ہیڈ گرنتھی، سردار درشن سنگھ، علامہ ڈاکٹر محبّ النبی طاہر، علامہ پیر سید عاطف گیلانی، علامہ صاحبزادہ احمد عاصم سلیم، علامہ سید سلیمان مصطفیٰ گیلانی، علامہ پیر علی رضا، ڈاکٹر محمد زبیر اختر معصومی، نعیم چودھری، سید مظہر اللہ گیلانی، سید عتیق گیلانی، شہزاد خان و دیگر سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات اور تحریک منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی، امن و ترقی، خوشحالی، مذاہب عالم کے مابین برداشت، محبت، اخوت اور انسانی عظمت کے فروغ کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 959114

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/959114/گوردوارہ-جنم-استھان-ننکانہ-صاحب-میں-محسن-انسانیت-ﷺکانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org