0
Sunday 17 Oct 2021 19:31

ہماری پارٹی جی بی کو آئینی دائرہ کار میں شامل کرا کے ہی رہے گی، فتح اللہ خان

ہماری پارٹی جی بی کو آئینی دائرہ کار میں شامل کرا کے ہی رہے گی، فتح اللہ خان
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی گلگت بلتستان فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی جی بی کو آئینی دائرہ کار میں شامل کرا کے رہے گی اور یہ جی بی کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ بھی ہے۔ ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان حکومت کا واضح مشن اس خطے کے عوام کو انکا جائز اور قانونی حق دلانا ہے۔ ہم اس وعدے کے ساتھ الیکشن جیت کر آئے ہیں اور نہ صرف یہ وعدہ وفا ہوگا بلکہ جی بی کی خوشحالی اور بہتری کے لیے پی ٹی آئی کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ فتح اللہ خان نے مزید کہا کہ اظہار رائے کی آزادی ہر فرد کا حق ہے مگر اس حق کی آڑ لیکر خطے میں بے چینی اور نا اتفاقی کو فروغ دینا ہر گز کسی کو زیب نہیں دیتا۔ عبوری آئینی صوبے کا بننا جی بی کے تمام نفوس کے مفاد میں ہے۔

عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عبوری آئینی صوبے کا بننا ضروری ہے اور یہ خطہ ملکی وحدت اور اکائی کا ایک ناگزیر حصہ ہے۔ ہمارا پاکستان سے کلمہ طیبہ کا رشتہ ہے، پاکستان سے ہی ہماری پہچان ہے اور جی بی بلاشبہ پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے۔ عبوری صوبہ بننے اور مکمل شناخت ملنے کے بعد صوبے میں ترقی کا عمل مزید تیز ہوگا، وفاقی حکومت اس خطے کی جانب خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ مختلف عناصر کی جانب سے بلاجواز تنقید کا مطلب واضح ہے کہ وہ کئی دہائیوں کے انتظار کے بعد اس خطے کو حاصل ہونے والی شناخت اور ترقی سے ناخوش ہیں۔ حالانکہ جی بی کے ہر زی نفس اور باشعور شہری کی خواہش ہے کہ یہ خطہ پاکستان کے آئینی دائرہ کار کا باقاعدہ حصہ بنے۔

وزیر اطلاعات فتح اللہ خان نے مزید کہا کہ صوبائی اسمبلی میں عوام کے منتخب کردہ نمائندے ہی بیٹھے ہوئے ہیں، سیاچن کی وادیوں سے لیکر دیامر تک، غذر سے ہنزہ تک تمام اضلاع میں موجود باشعور عوام نے پی ٹی آئی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن میں ہماری پارٹی کو کامیابی دلائی ہے، ہمیں صوبائی اسمبلی میں عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے پہنچایا ہے اور اس مقدس ایوان میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہی قانون سازی ہوتی ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے خطے کے مسائل کے دیرپا حل پر توجہ نہیں دی، جس کا خمیازہ آج ہماری حکومت کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی نے کہا کہ ہم مکمل عوامی مینڈیٹ لیکر آئے ہیں اور اس بات کا ادراک رکھتے ہیں کہ مختلف اضلاع میں پائے جانے والے مسائل بشمول بجلی کی کمیابی، روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری، تعلیمی اصلاحات، آب پاشی اور پینے کے پانی کی فراہمی، ٹرانسپورٹیشن کے معیاری نظام کی بہتری کے لئے اقدامات پر کام جاری ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے تمام وزراء اور تمام معاونین خصوصی وزیر اعلی کی قیادت میں یکسوئی سے اپنے اپنے حلقوں میں دیرپا و پائیدار ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 959189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش